انتظار ختم، جسٹس افتخار نے وکلاء کو عمران خان کیخلاف دعویٰ دائر کرنے کاسگنل دیدیا،الیکشن کمیشن کونااہلی کی درخواست بھی عید کے بعد دینے کافیصلہ، سیاسی و معاشی امور پر تھینک ٹینک کے قیام کا فیصلہ بھی عید کے بعد کر لیا جائیگا،قریبی ذرائع

پیر 29 ستمبر 2014 07:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے لئے اپنے وکلاء کو حتمی ہدایات جاری کر دیں اور کہا ہے کہ مزید انتظار کئے بغیر یہ دعویٰ دائر کر دیا جائے جبکہ عمران خان کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قریبی ذرائع کے مطابق سیاسی و معاشی امور پر تھینک ٹینک کے قیام کا فیصلہ بھی عید الاضحی کے بعد کر لیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے اتوار کے روز ان کے وکلاء احسن الدین شیخ اور دیگر نے ملاقات کی ہے جس میں سابق چیف جسٹس نے انہیں عمران خان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے حتمی ہدایات جاری کیں اور اس حوالے سے عمران خان کو دیئے گئے نوٹس کے بعض قانونی نکات کا جائزہ بھی لیا اور بعد ازاں بعض نکات میں تبدیل کر کے درخواستوں کے حتمی منظوری بھی دے دیں ۔درخواستیں عید کے فوری بعد دائر کر دی جائے گی۔