مولانا فضل الرحمن نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر جان اچکزئی کو عہدے سے ہٹا دیا،جماعت سے بھی فارغ کئے جانے کا قوی امکان ، جان اچکزئی کاعمران خان بارے بیان ذاتی سوچ ، اس کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں،سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری، سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمدکی خبر رساں ادارے سے گفتگو

پیر 29 ستمبر 2014 07:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر جان اچکزئی کو عہدے سے ہٹا دیا، جماعت سے بھی فارغ کئے جانے کا قوی امکان ، سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری اور سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے جان اچکزئی کے عمران خان بارے بیان کو ذاتی سوچ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اس کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے اپنے ترجمان جان محمد اچکزئی کو ان کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے ان کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیاہے اور اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری کو خصوصی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ مولانافضل الرحمن نے سیکرٹری جنرل سے گفتگو کے دوران واضح الفاظ میں کہاہے کہ تمام عہدیداروں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ پارٹی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کریں اور کسی بھی ٹی وی پروگرام میں جانے سے پہلے مشاورت کی جائے۔

اس حکم کے بعد مولانا غفور حیدری نے اپنے سیکرٹری جنرل اختیار استعمال کرتے ہوئے جان محمد اچکزئی کو ان کے عہدے سے برخاست کردیاہے ۔ اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے مولاناعبدالغفور حیدری سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایاکہ جان اچکزئی کا بیان پارٹی پالیسی کا مخالف ہے ہم پرامن لوگ ہیں اور سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں جان اچکزئی کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نا مناسب ہے اور ایسے معاملات میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی اس لئے انہیں عہدے سے برخاست کردیاہے

جب جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ جان اچکزئی کا بیان ان کی ذاتی سوچ تو ہوسکتاہے مگر اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اس غیر ذمہ داری کے باعث انہیں عہد ے سے برخاست کردیاگیاہے۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ اس غلطی کے باعث جان اچکزئی کو پارٹی سے بھی فارغ کئے جانے کا قوی امکان پیدا ہوگیاہے جس سے بچاؤ کیلئے اب جان محمد اچکزئی نے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کردیئے ہیں واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے سے اسلام آباد سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ترجمانی کی غرض سے مختلف ٹاک شوز میں جان محمد اچکزئی ہی جارہے تھے اور گزشتہ روزان کا بیان کہ عمران خان اپنا دھرنا ختم کریں اور نازیبا الفاظ کا استعمال ترک کریں کیونکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنان بپھر گئے ہیں اوراگر کچھ ہواتو پھر اس کی ذمہ دار جمعیت علمائے اسلام ف نہیں ہوگی یہی بیان ان کی برخاستگی کی وجہ بنا ہے۔

متعلقہ عنوان :