یمن ،امریکی سفارت خانے کے قریب القاعدہ کا راکٹ حملہ، القاعدہ کی ذیلی تنظیم انصار الشریعہ نے ذمہ داری قبول کر لی

پیر 29 ستمبر 2014 07:42

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)یمن کے دارالحکومت صنعاء میں امریکی سفارت خانے کے قریب ایک راکٹ حملے کی ذمہ داری القاعدہ کی ذیلی تنظیم انصار الشریعہ نے قبول کر لی ۔ فرا نسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شدت پسند گروپ نے "ٹیوٹر" کے ذریعے ایک بیان میں بتایا کہ صنعاء میں امریکی سفارت خانے کے قریب "لاوٴ" طرز کے ایک راکٹ سے حملہ انصار الشریعہ کے جنگجووٴں نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ امریکی سفارتخانے کی مغربی سمت 200 میٹر کے فاصلے پر ایک راکٹ گرا جس کے دھماکے میں متعدد یمنی سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ یمن پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والا ہلکی نوعیت کا ایک ٹینک شکن راکٹ تھا جس سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔شدت پسند تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ انہوں نے یہ حملہ گذشتہ جمعہ کو الجوف گورنری میں امریکا کے ایک مبینہ ڈرون طیارے ذریعے کیے گیے حملے کا جواب ہے۔ ڈرون حملے میں الجوف میں کئی بچے زخمی ہوگئے تھے جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔قبل ازیں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ صنعاء میں امریکی سفارتی عملہ محفوظ ہے اور کسی جانب سے حملے کا اندیشہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :