پی سی بی کا جلتی پر تیل چھڑکنے سے گریز، یونس خان کیخلاف ڈسپلنری ایکشن کا کوئی امکان نہیں،چیئرمین پی سی بی شہریار خان

پیر 29 ستمبر 2014 07:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی)نے جلتی پر تیل چھڑکنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان کیخلاف ڈسپلنری ایکشن کا کوئی امکان نہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے مطابق سینئر بیٹسمین کو قومی ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کرنا سلیکٹرز کا متفقہ فیصلہ تھا، میرا اس میں کوئی عمل ودخل نہیں ہے۔اسے ماضی سے نہیں جوڑنا چاہیے،ان کے مطابق سابق کپتان کو شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا،البتہ آفیشل نے خط لکھ کر مستقبل میں محتاط رہنے کی تنبیہ ضرور کی ہے، شہریار خان نے یونس کی دوبارہ اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی پر چھوڑدیا، ان کے مطابق بیٹسمین کو سوچ سمجھ کر اظہار خیال کرنا چاہیے، ”گولی مارلوں“ جیسی باتیں انھیں زیب نہیں دیتیں۔

یونس کو ملاقات کیلیے بلانے کے سوال پر شہریار خان نے کہا کہ ابھی تو ایسا نہیں کیا مگر مستقبل میں ملنے کا ارادہ ضرور ہے تاکہ ان کے ذہن میں جو منفی باتیں ہیں انھیں دور کیا جائے۔

(جاری ہے)

سینئر بیٹسمین کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سلیکٹرز کا ہو گا۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کی جانب سے یونس خان کو خط ارسال کیا گیا ہے، اس میں ان سے کہا گیا کہ کوئی بھی شکایت ہو تو میڈیا میں جانے کے بجائے براہ راست بات کریں، غیرضروری بیانات سے دوریاں اور تنازعات پیدا ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ سینئرس بیٹسمین کے ساتھ کسی تنازع میں الجھنا نہیں چاہتا اس لیے ان کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کو نظر انداز کر دیا جائے گا، اس حوالے سے”دیکھو اور انتظار کرو“ کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :