بھارتی ریاست گجرات نے رکن اسمبلی سمیت کوئی بھی عوامی عہدہ حاصل کرنے کے لئے گھر میں بیت الخلالازمی قرار دیدیا،چھ ماہ میں یہ قانونی تقاضا پورا نہیں کرتے تو انہیں بھی نااہلی کا سامنا ہوسکتا ہے،حکومتی ارکا ن کو تنبیہ

بدھ 12 نومبر 2014 09:17

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء)بھارتی ریاست گجرات نے رکن اسمبلی سمیت کوئی بھی عوامی عہدہ حاصل کرنے کے لئے گھر میں بیت الخلالازمی قرار دے دیا گیا ہے اور حکومتی ارکان سے کہا گیا ہے کہ چھ ماہ میں یہ قانونی تقاضا پورا نہیں کرتے تو انہیں بھی نااہلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔بھارتی ریاست گجرات کی اسمبلی نے گزشتہ روز ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت تمام عوامی عہدیداروں کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ان کے گھر میں بیت الخلاء موجود ہونا چاہیے ۔

یہ فیصلہ کھلے عام کھیتوں میں فارغ ہونے کی حوصلہ شکنی کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ ماحول کی صفائی اور پانی میں آلودگی ختم کرنے کے لئے یہ فیصلہ ضروری تھا۔گجرات وہ ریاست ہے جہاں سے نریندر مودی وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے چار سال میں ہر گھر میں بیت الخلاء بنوانے کا اعلان کررکھا ہے ۔

(جاری ہے)

گجرات حکومت نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے لوگوں کو مالی مراعات دی جارہی ہیں ۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق بھارت میں 59 کروڑ سے زائد لوگوں کو گھر میں بیت الخلاء کی سہولت میسر نہیں اور وہ کھیتوں میں اس مقصد کے لئے استعمال کرتے ہیں جس سے ملک میں کمسن بچیوں سے اجتماعی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔یہ بل اب حتمی منظوری کے لئے گورنر کو بھجوایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :