ابوظہبی ٹیسٹ، شاہینوں نے کیویز کو دبوچ لیا،نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹوم لیتھم کی سنچری بھی نہ بچا سکی،راحت علی نے4 اور ذوالفقار بابر نے3شکار کرکے نیوزی لینڈ کو262رنز پر ڈھیر کردیا،پاکستان کے دوسری اننگز میں 15رنز ،319 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی

بدھ 12 نومبر 2014 08:40

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء)ابوظہبی ٹیسٹ میں شاہینوں نے نیوزی لینڈ کو دبوچ لیا،نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹوم لیتھم کی سنچری بھی نہ بچا سکی،راحت علی نے4 اور ذوالفقار بابر نے3شکار کرکے نیوزی لینڈ کو262رنز پر ڈھیر کردیا ،پاکستان نے15رنز بنا کر319 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی،ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 15رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو ٹوم لیتھم5اور برینڈن میکلم9رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے،نیوزی لینڈ نے ابھی بمشکل33رنز بنائے تھے کہ ذوالفقار بابر کی بال پر یونس خان نے برینڈن میکلم کا کیچ تھام لیا،انہوں نے18 رنز بنائے38کے سکور پر ولیم سن صرف3رنز بنانے کے بعد راحت علی کی بال پر بولڈ ہوگئے47کے مجموعی سکورپر ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے ذوالفقار بابر کی بال پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جس کے بعد اینڈرسن اور لیتھم نے تھوڑی بہت مزاحمت کی لیکن130کے مجموعے پر اینڈرسن48رنز بنانے کے بعد راحت علی کی بال پر آؤٹ ہوگئے،150 پر نیوزی لینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا اور نیشام11رنز بنا کر محمد حفیظ کی بال پر آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ ہوگئے،215کے مجموعی سکور پر اوپنر ٹوم لیتھم شاندار سنچری 103رنز بنانے کے بعد راحت علی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،انہوں نے ایمپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا لیکن ناکام رہے،219رنز پر نیوزی لینڈ کی مزید2وکٹیں گر گئیں،کریگ1رن بناکر رن آؤٹ ہوئے اور ساؤتھی بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی بال پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے،مش سودی اور واٹلنگ نے تھوڑی مزاحمت کی تاہم262پر یاسر شاہ نے سودی کو بولڈ کردیا،انہوں نے25 رنز بنائے تھے اور اسی سکور پر واٹلنگ42رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی بال پر آؤٹ ہوگئے،بولٹ نے کوئی رن نہیں بنایا اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے راحت علی نے4،ذوالفقار بابر نے3،محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے 1,1وکٹ حاصل کی،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فالوآن کرانے کی بجائے 304رنز کی برتری سے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے15رنز بنا کر مجموعی طور پر319رنز کی برتری حاصل کرلی،اظہر علی9اور محمد حفیظ5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،آج چوتھے دن کا کھیل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :