عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا ، عبدالمالک بلوچ،اکیسویں صدی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے، ہماری سیاست کا محور عوام کے مسائل حل کرکے انہیں حقوق دینا ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کانیشنل پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب

بدھ 12 نومبر 2014 08:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا کیونکہ اکیسویں صدی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے ہماری سیاست کا محور عوام کے مسائل حل کرکے انہیں حقوق دینا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں نیشنل پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پارٹی کے کونسل سیشن میں ملک کے چاروں صوبوں کے لوگوں کو جوڑنے کی کامیاب کوشش کی ہے اب ہمارا یہ کام ہے کہ ہم پورے ملک میں جاکر عوام کو متحد کرکے ایک جگہ چھوڑ سکیں اگر اس نیک مقصد میں کامیاب ہوگئے تو ہم اپنے نظریہ پر عمل کرنے میں حقیقی طورپر کامیاب ہونگے انہوں نے کہا کہ دو روزہ سیشن میں ملک بھر سے آنے والے کونسلروں نے باتیں بھی کیں اور تنقید بھی ہوئی اس کے علاوہ تجویز بھی دی گئیں پہلی بار پارٹی کا کونسل سیشن ہائیڈ پارک کی طرح محسوس ہوا ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں تنقید اور خود تنقیدی ہی سیاسی جماعتوں کی خوبصورتی ہے جو ہماری جماعت میں ہے انتخابات میں شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا گیا کیونکہ اجتماعی فیصلوں کے ذریعے ہی پارٹی کی اصل خوبصورتی ہوتی ہے اس لئے اس کی قیادت اجتماعی ہے اور تمام فیصلے شروع سے ہی سینٹرل کمیٹی نے کئے اس لئے کبھی بھی پارٹی کے کسی فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کی انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ اپنی حکومت کا ساتھ دیں اور پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے فیصلوں کی پابندی کریں کیونکہ ہم اپنی نظریہ اور اپنی سوچ سے ہماری کمٹمنٹ ہے جس سے روگردانی نہیں کرسکتے انہوں نے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی جانب سے پارٹی میں رہتے ہوئے قیادت پر تنقید کرنے کو سراہتے ہیں اور وہ تنقید کریں یا کوئی تجویز دیں اس کے علاوہ ہماری رہنمائی بھی کریں تاکہ ہم اس کی روشنی میں عوام کو سہولیات فراہم کر سکیں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تعلیم  صحت کو ہمارے ایجنڈے میں اولیت حاصل ہے کیونکہ ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے حقیقی اقدامات اٹھانے ہیں اس سلسلہ میں نیشنل پارٹی اور بی ایس او کو تحریک چلانا ہوگی اور ہم نے صحت کے اداروں کو بہتر بنانا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اتنے لوگ جنگوں میں بھی نہیں مرتے جتنے ہیپاٹائٹس کے مرض سے مرتے ہیں اس لئے بلوچستان کو ہیپاٹائٹس فری صوبہ بنانا ہے اور ویکسین کے دائرہ کار کو بڑھانا ہوگا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اگر ہم بلوچستان کو پولیو فری صوبہ بنانے میں کامیاب ہوگئے تو صوبہ کو صحت مند بنانے میں بھی کامیاب ہونگے اساتذہ اسکول ماہرین طب اپنے اداروں کو سنبھالیں تاکہ اس صورتحال میں بہتری لائی جاسکے انہوں نے کامیاب کونسل سیشن منعقد کرانے پر پارٹی کارکنوں میڈیا سمیت دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔