پاکستان میں ڈاکوؤں اور چوروں کو ذمہ داریاں دی جاتی ہیں،ڈاکٹر عبدالقدیر ، حکمران عیاشی کیلئے بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، جنہیں کچھ معلوم نہیں وہ بجلی بنارہے ہیں اور گدھاگاڑی چلانے والے ریل چلارہے ہیں، عشائیہ سے خطاب

بدھ 12 نومبر 2014 08:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء) معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈاکوؤں اور چوروں کو ذمہ داریاں دی جاتی ہیں، حکمرانعیاشی کیلئے بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، جنہیں کچھ معلوم نہیں وہ بجلی بنارہے ہیں اور گدھاگاڑی چلانے والے ریل چلارہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارلال قلعہ ریسٹورنٹ انتظامیہ اور عمرسنز گروپ کے چیئرمین حاجی قاسم سلیمان کی جانب سے ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان،سردار یاسین ملک، میاں زاہد حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں کمشنر کراچی شعیب احمدصدیقی،کراچی اسٹاک ایکس چینج کے سابق چیئرمین عارف حبیب، سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر،کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ حکمران عیاشی کیلئے دورے لگارہے ہیں، ایک ملک سے واپس آکر فوراً ہی دوسرے ملک روانہ ہوجاتے ہیں اور ملک کے وسائل کو بے دردی سے خرچ کیا جارہا ہے، حالانکہ انہیں خود جانے کے بجائے وزیر تجارت کو بھیجنا چاہیئے تاکہ وہ جس ملک میں جائیں وہاں سے تجارت کا فروغ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات ایسے ہیں کہ ملک کا بیڑا غرق ہورہا ہے،قصور وار ہم ہی لوگ ہیں کیونکہ ہم ہی انہیں اقتدار میں لاتے ہیں،60سے70ارب روپے لاہور میں اور اتنی ہی رقم اسلام آباد میں لگادیئے گئے ہیں حالانکہ یہ پیسہ انرجی پر لگایا جاتا جس سے انڈسٹری کو انرجی ملتی اور اسکا پہیہ چلتا اور لوگوں کو روزگار ملتااور ایکسپورٹ بڑھتی اور ملک کی حالت بہتر ہوتی،سستی شہرت کیلئے سو سو ارب روپے ایسے بانٹے جارہے ہیں جیسے گھر کے لڈو ہوں مگر ملک کی ضروریات پر توجہ نہیں دی جارہی۔

ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے کہا کہ مشرف کے دور میںآ ٹا12روپے فی کلو تھاآج45روپے ہے اسی طرح دودھ25روپے کے مقابلے میں84روپے ہے اور چینی 25روپے تھی جو اب55روپے سے60روپے کے درمیان ہے اسی طرح گھی60روپے تھا اب200سے210روپے فی کلو ہے تو پھر کونسی تبدیلی آگئی ہے اور کس نے دودھ کی نہریں بہا دی ہیں،ہو یہ رہا ہے کہ باری باری مین ملک کو تباہ کیا جارہا ہے۔انکا کہنا تھا پاکستان کی بزنس کمیونٹی ملک کو بھاری ٹیکس ادا کرتی ہیں اور بمشکل5ہزار روپے والا سوٹ پہنتی ہے جبکہ لٹیرے اور چور 50ہزار روپے سے بھی زائد کا سوٹ پہن کر گھومتے ہیں۔

ایس ایم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے ملکی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے مجھ پر اعتماد کیا اور ہم اسی کوشش میں مصروف ہیں مگر پنجاب میں3ماہ کیلئے گیس بند کردی گئی ہے اور فرنس آئل پر اخراجات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے میں خود بھی اپنی ایک فیکٹری بند کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :