کبڈی ورلڈ کپ ، پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے دوسرا میچ بھی جیت لیا، انگلینڈ کو 58-31سے شکست دی،بھارت کے شہر ترن تارا ن میں ہونیوالے میچ میں محمدخان، مشرف،محمد رمضان نے بہترین کھیل پیش کیا، خواتین کی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے38-30 سے ہرادیا

جمعہ 12 دسمبر 2014 07:58

تاران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)کبڈی ورلڈ کپ2014ء میں پاکستان کی مردوں کی کبڈی ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو58-31سے شکست دیدی جبکہ خواتین کی کبڈی ٹیم نیوزی لینڈ سے 38-30 سے ہارگئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ترن تاران میں کبڈی ورلڈ کپ کے مقابلے میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا، پاکستان کی ٹیم میچ کے دوران انگلینڈ پر حاوی رہی، پاکستان کی طرف سے محمد خان، رحمان اشتیاق ، خلیل، مشرف جاوید، محمد رمضان عر ف جانی سنیارا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے انگلینڈ کو 58-31سے شکست دیدی دریں اثناء پاکستان کی خواتین کی ٹیم اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کے درمیان دلچسپ میچ ہوا، پہلے کوارٹر میں سکور9-9،دوسرے کوارٹر میں 17-17سے برابر رہا مگر آخری دو کوارٹرز میں نیوزی لینڈ کا پلہ بھاری رہا، خواتین کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کا سخت مقابلہ کیا مگر وہ کامیابی حاصل نہ کر سکی، نیوزی لینڈ نے 38-30 سے پاکستان کو شکست دی۔واضح رہے کہ خواتین کی کبڈی ٹیم دو میچ جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :