انتخابی اصلاحات پرعمل درآمد کیلئے سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے، چیف الیکشن کمشنر، چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ بڑا ہے لہذا ان کے اختیارات بھی زیادہ ہونے چاہیئیں، لطیف کھوسہ، پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن کے ارکان پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن کے ارکان پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا، چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں پی پی وفد نے انتخابی اصلاحات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی ہے ۔

میڈیارپورٹ مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان سے ملاقات کی اور انہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور بائیو میٹرک سسٹم کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں انتخابی اصلاحات اور دھاندلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملک میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی بھی درخواست کی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی الیکشن کمیشن کے دیگرارکان پر تحفظات ہیں اس لئے متنازع ہونے کے بعد دیگر ارکان کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اوردیگرارکان کے اختیارات برابر نہیں ہونے چاہیئں، چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ بڑا ہے لہذا ان کے اختیارات بھی زیادہ ہونے چاہیئں ان کا کہنا تھا کہ چاروں ارکان متنازع ہو چکے ہیں، اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں، انہوں نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات جلد کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چیف الیکشن کمشنر و دیگر ارکان کے اختیارات ایک جیسے نہیں ہونے چاہئیں،لطیف کھوسہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں، بائیومیٹرک سسٹم اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر بھی تعاون کریں گے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور بائیو میٹرک سسٹم میں تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔