تھائی لینڈ ، گرل فرینڈ کیلئے پانی دیرسے لانے پرمسافر نے جہازمیں قیامت پر پا کر دی، ایمرجنسی لینڈنگ

منگل 16 دسمبر 2014 08:32

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء ) تھائی لینڈ میں دوران پرواز گرل فرینڈ کے لئے پانی دیرسے لانے پرمسافر نے جہازمیں ایسی قیامت ڈھائی کہ طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔چین جانے والا تھائی ایئر ایشیا کاطیارہ جیسے ہی بنکاک ایئر پورٹ سے پرواز کے لیے اڑا اس میں موجود ایک مسافر نے جہاز کے عملے سے اپنی گرل فرینڈ کے لئے گرم پانی طلب کیا جس پر اسے بتایا گیا کہ گرم پانی کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا جس پر مسافر نے غصے میں آکر کھانا نیچے پھینک دیا لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوئی اور جب کریو ممبر نے اسے گرم پانی کے ساتھ 2 ڈالرکا بل بھی پیش کیا تو مسافر طیش میں آگیا، اسی دوران مسافر کی گرل فرینڈ بھی جھگڑے میں کود پڑی اور اس نے گرم پانی کا گلاس جہازکے عملے پر پھینک ڈالا جس پرعملے نے لڑکی سے معافی مانگنے کا کہا اوراس مطالبے پر مسافرمزید آپے سے باہر ہوگیا اور کہا کہ وہ طیارے کو اڑا دے گا۔

(جاری ہے)

پائلٹ نے صورت حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے طیارے کا رخ واپس بنکاک ایئر پورٹ کی جانب کر لیا، طیارے کو واپس جاتا دیکھ کر مسافر اور اس کی گرل فرینڈ غصے میں آپے سے باہر ہوگئے جب کہ لڑکی نے طیارے کی کھڑکیوں پر مکے مارنے شروع کردیئے تاہم اس دوران طیارہ ایئر پورٹ پر اترگیا۔ حکام نے تفتیش کے بعد نہ صرف دونوں مسافروں پر جرمانہ عائد کیا بلکہ سزا کے طور پرانہیں فلائٹ اٹینڈنٹ کو بھی 1500 ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :