حکومت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج خود اس جماعت کے خلاف ہی احتجاج کی شکل اختیار کر گیا، دھرنے میں شریک خواتین ساتھی کارکنوں کی بدتمیزی پر چلا اٹھیں

منگل 16 دسمبر 2014 08:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)حکومت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج خود اس جماعت کے خلاف ہی احتجاج کی شکل اختیار کر گیا، دھرنے میں شریک خواتین ساتھی کارکنوں کی بدتمیزی پر چلا اٹھیں، چیخ وپکار سن کر سٹیج سے بار بار اعلان کر کے کارکنوں کو ماؤں بہنوں کی عزت کا واسطہ دے کر خواتین کا احترام کرنے کی تلقین کی گئی مگر خاطر خواہ نتائج برآمد نہ ہوئے تو خواتین کو وہاں سے نکال دیا گیا، اس مقصد کے لئے سٹیج کے لئے استعمال ہونے والے ٹرالر کے نیچے سے خصوصی طور پر راستہ بنایا گیا خواتین ”گو نواز گو“ کے نعرے لگاتے ہوئے وہاں سے باہر نکلیں اور ساتھی کارکنوں کے رویے کی بھی مذمت کرتی رہیں اسی دوران کئی افراد نے گو عمران گو کے نعرے بھی لگا دیئے، پارٹی کے سربراہ عمران خان کے پنڈال میں پہنچنے تک خواتین 98فیصد تک ہجوم سے باہر نکل گئیں، کئی خواتین نے شر انگیزی کرنے والے کارکنوں سے خود کو بچانے کے لئے ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا۔