عمران خان پیپلز پارٹی کی قیادت کو احتساب کی دھمکیاں نہ دیں، ماضی میں جن جن لوگوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا احتساب کیا ان کو منہ کی کھانی پڑی ،شرجیل میمن،عمران خان اور طالبان میں کوئی فرق نہیں، ان کی سیاست تشدد اور بدتمیزی پر مبنی سیاست ہے، عمران خان جس سیاست کو آج فروغ دے رہے ہیں کل وہ بھی اسی سیاست بھی بھینٹ چڑھ سکتے ہیں،بیان

منگل 16 دسمبر 2014 08:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان پیپلز پارٹی کی قیادت کو احتساب کی دھمکیاں نہ دیں۔ ماضی میں جن جن لوگوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا احتساب کیا ان کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ عمران خان اور طالبان میں کوئی فرق نہیں ہے۔

ان کی سیاست تشدد اور بدتمیزی پر مبنی سیاست ہے۔ عمران خان جس سیاست کو آج فروغ دے رہے ہیں کل وہ بھی اسی سیاست بھی بھینٹ چڑھ سکتے ہیں۔ پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو احتساب کی دھمکیاں دینے والے عمران خان کو شاید ماضی یاد نہیں ہے جب نام نہاد احتساب کرنے والوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا احتساب کیا تو اللہ تعالیٰ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو تو سرخ رو کیا لیکن ان نام نہاد احتساب کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طالبان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ طالبان دھماکے کرکے سمجھتے ہیں کہ وہ جو کررہے ہیں وہ درست ہے جبکہ عمران خان کاروبار بند کرکے اور عوام کو پریشان کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ وہ سب کچھ ٹھیک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند کرکے اور عوام کو پریشانیوں میں مبتلا کرکے عمران خان طالبان کا کردار اس ملک میں ادا کررہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نوجوان نسل کو غلط راستوں پر لے جارہے ہیں، ان کی سیاست بدتمیزی اور تشدد پر مبنی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آج جو روایات عمران خان ڈال رہے ہیں اور جس سیاست کو وہ طول دے کر اس کو درست سیاست تصور کررہے ہیں کل یہی راستہ ان کے لئے بھی ہوسکتا ہے اور اس وقت شاید وہ کچھ کرنے کی حیثیت میں بھی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بدتمیزی اور تشدد کی سیاست کو فوری طور پر ترک کردیں ورنہ وہ بھی ان کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔