کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کی مردوں کی ٹیم کینیڈا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی،بھارت کے شہر پٹیالہ میں ہونیوالے میچ میں پاکستان نے 45-35سے کامیابی حاصل کی، شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر، مشرف جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان کی شاندار پرفارمنس، ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے قوم کو ایک اور خوشخبری دی ، سیمی فائنل اور فائنل جیت کر قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی ٹیم کو مبارکباد، پاکستان کی خواتین کی کبڈی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے،مردوں اور خواتین کے سیمی فائنل 18دسمبر کو کھیلے جائیں گے

منگل 16 دسمبر 2014 08:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)کبڈی ورلڈ کپ2014ء میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم کینیڈا کو 45-35 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے، پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر ، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلائی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے سیمی فائنل میں پہنچنے پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے، تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بھارت کے شہر پٹیالہ میں ہونیوالے اپنے چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، کینیڈا کیخلاف میچ میں پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر ، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور واضح فرق سے میچ بآسانی جیت لیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے خوبصورت ریڈز اور سٹاپ کرکے متعدد پوائنٹس حاصل کرکے کینیڈا کو 45-35سے شکست دی، پاکستانی کھلاڑیوں کے بہترین کھیل پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔

(جاری ہے)

پاکستان اپنا پانچواں اور آخری لیگ میچ 17دسمبر کو امرتسر میں ارجنٹینا کیخلاف کھیلے گا، واضح رہے کہ پاکستان کی خواتین کی کبڈی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے، مردوں اور خواتین کے سیمی فائنل 18دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے سیمی فائنل میں پہنچنے پر قومی کبڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی ہے، ٹیم کے نام اپنے پیغام میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے قوم کو ایک اور خوشخبری دی ہے، ٹیم جیت کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل اور فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرکے قوم کو کبڈی ورلڈ کپ کا تحفہ دے۔