لاہوریوں کا صبر جیت گیا اور سونامی ہار گئی،خواجہ سعد رفیق،تحریک انصاف نے چند ہزار لوگوں کو اکٹھا کرکے شہر کے باہر نوٹنگی لگائی،لاہور نے عمران خان کی شیطانی سونامی مسترد کردی،لاہور میں پریس کانفرنس

منگل 16 دسمبر 2014 08:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہوریوں کا صبر جیت گیا اور سونامی ہار گئی،تحریک انصاف نے چند ہزار لوگوں کو اکٹھا کرکے شہر کے باہر نوٹنگی لگائی،لاہور نے عمران خان کی شیطانی سونامی مسترد کردی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے تحت ہر شہری کو نقل وحرکت روکنے کے اختیار کس نے دیا ہے۔

آج لاہوریوں کا صبر جیتگیا ہے اور عمران خان کی سونامی ہار گئی ہے،تحریک انصاف کے رویے سے ثابت ہوگیا ہے کہ لاہور کے شہریوں نے انہیں ووٹ نہیں دے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی فطرت کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے کئے گئے وعدوں سے مکر گئی پی ٹی آئی نے وعدہ کیا تھا کہ کوئی پرتشدد کارروائی نہیں کی جائے گی لیکن مٹھی بھر ڈنڈا برداروں نے شہر کی سڑکیں بند کرائیں،شہریوں کو نقل وحرکت اور تاجروں کو کاروبار سے پرتشدد طریقے سے روکا گیا،تحریک انصاف کے بلوائیوں نے ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہیں دیا اور4 افراد تحریک انصاف کے پرتشدد کارروائیوں کی نذر ہوگئے اور راستہ نہ ملنے کی وجہ سے ایمبولینسوں میں ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند ہزار لوگ اکٹھے کرکے شہر کے باہر نوٹنگی لگائی گئی،تحریک انصاف کے بلوائیوں نے جانوروں پر بھی تشدد کیا اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کو زبردستی بند کرایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان باز آجاؤ بال ٹھاکرے نہ بنو تمہاری سونامی کا آسیب گھنٹوں تک لاہور شہر پر چھایا رہا،صحافیوں کو بھی پیشہ وارانہ دمہ داریوں کی ادائیگی سے زبردستی روکا گیا،ملازمین کو دفتروں اور طلباء کو سکول جانے سے روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس امیر کی نہیں غریب آدمی کی سواری ہے،اسے بھی روکا گیا اور لاکھوں شہریوں کا سفر بند کرایا گیا،تحریک انصاف کے کارکنوں نے تشدد کے ذریعے دکانیں بند کرائیں لیکن لاہور نے عمران خان کی شیطانی سونامی مسترد کردی