زندہ دلان لاہور نے تحریک انصاف کی ہڑتال کی کال کویکسر مسترد کر دیا،شہبازشریف، تمام اہم مارکیٹوں میں حسب معمول کاروبار ہوتا رہا ، اہل لاہور نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا، ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے واقعات تحریک انصاف کے چہرے پر سیاہ داغ بن کر ہمیشہ نمایاں رہیں گے،لاہور کے شہریوں اور پارٹی ورکرزکا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مثالی صبر، تحمل اور برداشت سے کام لیا،وزیر اعلی پنجاب

منگل 16 دسمبر 2014 08:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ زندہ دلان لاہور نے تحریک انصاف کی طرف سے ہڑتال کی کال کویکسر مسترد کر دیا -انہوں نے کہاکہ آج صوبائی دارالحکومت کی تمام اہم مارکیٹوں میں حسب معمول کاروبار ہوتا رہا اور صرف ان بازاروں اور سڑکوں پر تاجروں کی خواہش کے باوجود دکانیں نہ کھل سکیں جن کے راستے تحریک انصاف کے رہنماؤ ں اور کارکنوں نے جلتے ہوئے ٹائروں ، خار دار تاروں اور ٹرالیوں کے ذریعے بند کر دئیے تھے- انہوں نے کہاکہ اہل لاہور نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیاہے، اگر لاہور کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہوتے تو اس کے کارکنو ں کو شہریوں اور تاجروں کے راستے روکنے ، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے اوران کی موٹرسائیکلوں کی چابیا ں چھیننے کی ضرورت پیش نہ آتی،وزیراعلی محمد شہبازشریف نے آج اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج مختلف ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے واقعات تحریک انصاف کے چہرے پر سیاہ داغ بن کر ہمیشہ نمایاں رہیں گے-دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ قیمتی لباس میں ملبوس تبدیلی لانے کی دعویدار ایک خاتون کس طرح ایک غریب ڈرائیور کو گاڑی سے اتار کر پے درپے تھپڑ مار رہی تھی -انہوں نے کہاکہ مجھے ان انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہے جو آج تحریک انصاف کی بے رحم سیاست کی بھینٹ چڑھ گئیں-کاش عمران خان کو یہ احساس ہوتا کہ ان کے پرتشدد احتجاج کی وجہ سے کئی ایمبولینسیں ہسپتالوں میں نہ پہنچ سکیں- لاکھوں دیہاڑی دار مزدور خالی پیٹ سونے پر مجبور ہو گئے اور لاہور اور پاکستان کی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں لاہور کے عوام اور مسلم لیگ(ن) کے ورکروں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مثالی صبر، تحمل اور برداشت سے کام لیا اور سڑکوں پر نکلنے سے گزیرکیا- میں لاہور کے تاجروں ، تاجر تنظیموں اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کا بھی شکریہ اداکرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے تاریخی ا تحاد کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ وہ کسی قوت کو پاکستانی معیشت کو مفلوج کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔