چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ناانصافیوں کی رپورٹ تیار کر لی ہے جسے فیڈریشن آف انٹر نیشنل ہاکی کو بھیجا جائے گا، شہناز شیخ ،ہمارے خلاف استعمال کئے جانے والے منفی ہتھکنڈوں سے نہ صرف کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا بلکہ ایسے اقدامات سے انٹرنیشنل ہاکی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 22 دسمبر 2014 08:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء ) پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ناانصافیوں کی رپورٹ تیار کر لی ہے جسے فیڈریشن آف انٹر نیشنل ہاکی کو بھیجا جائے گا۔قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شہنازکا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف استعمال کئے جانے والے منفی ہتھکنڈوں سے نہ صرف کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا بلکہ ایسے اقدامات سے انٹرنیشنل ہاکی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم کے کوچ کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کا پہلے پاکستان ہاکی فیڈریشن جائزہ لے گی بعد ازاں اسے ایف آئی ایچ کے حوالے کردیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہناز شیخ نے بتایا کہ میں نے رپورٹ میں ان تمام واقعات کا ذکر کیا جو ہمارے کیخلاف گئے۔ انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے نہ صرف ٹیم کے حوصلے پست ہوئے بلکہ ایسے منفی اقدامات مستقبل میں انٹرنیشنل ہاکی کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2 پاکستانی پلیئرز پر پابندی، رات کو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کی اطلاعات اور پھر فائنل والے دن ٹورنامنٹ آرگنائزر اور ایف آئی ایچ حکام کی جانب سے بار بار بلانے کے عمل سے ہم ذہنی طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے تھے۔انھوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں فتح کے بعد ہمارے کھلاڑیوں نے شرٹس اتار کر کچھ زیادہ خوشی منائی لیکن بڑے اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ایسا ہوتا رہتا ہے، کھلاڑیوں کے اس عمل میں گراؤنڈ میں موجود شائقین کے منفی رویے کا بھی ہاتھ تھا جنھوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف انتہائی نامناسب زبان کا استعمال کیا۔

متعلقہ عنوان :