نیویارک:بروکلین کے علاقے میں فائرنگ،2پولیس اہلکارہلاک ،مسلح شخص نے خودکشی کرلی

پیر 22 دسمبر 2014 08:18

نیویارک( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء ) امریکہ میں بروکلین کے علاقے میں فائرنگ سے 2پولیس اہلکارہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور نے اہلکارو ں کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق 28 سالہ مسلح شخص نے پولیس اہل کاروں کوگشت کے دوران نشانہ بنایا۔مسلح شخص نے پولیس اہلکاروں کوگولی مارنے کے بعدخودکشی کرلی۔دوسری طرف محکمہء پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے نہ صرف اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر گولی مار کر زخمی کر دیا تھا بلکہ اس نے اپنے انسٹا گرام کے اکاوٴنٹ پر پولیس مخالفت پوسٹ بھی شائع کی تھی۔

یہ امر اہم ہے کہ بروکلین کے علاقے میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں نہتے سیاہ فام ایرک گارنر کی ہلاکت کے بعد بالخصوص نیو یارک شہر میں ایک غم و غصہ نمایاں ہے۔

(جاری ہے)

وہاں صورتحال اس وقت مزید پرتناوٴ ہو گئی تھی جب گرینڈ جیوری نے ایرک گارنر کو ہلاک کرنے کے واقعے پر پولیس اہلکار پر فرد جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ موجودہ کشیدہ صورتحال کا نتیجہ ہے۔

ایک عینی شاہد نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا ہے کہ جہاں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی ہے، وہاں زیادہ تر سیاہ فام کمیونٹی ہی آباد ہے اور ایرک گارنر کے واقعے کے بعد وہاں صورتحال کشیدہ ہی ہے۔ ٹیلی وژن پر دکھائی گئی فوٹیج کے مطابق جہاں ہفتے کے دن فائرنگ ہوئی ہے، پولیس نے وہاں ناکہ بندی کر دی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق نیو یارک شہر میں آخری مرتبہ 2011ء میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا، جس میں ایک اہلکار مارا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :