بھارت ،امریکا کشیدگی: ہندوستانی سفارتکار فرائض سے سبکدوش ہوگئیں

پیر 22 دسمبر 2014 08:21

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء) امریکا کے ساتھ کشیدگی کا باعث بننے والی ہندوستانی سفارتکار کو میڈیا پر بغیرکسی اختیار کے بیانات دینے کی وجہ سے فرائض سے سبکدوش کردیا گیا۔ فرانسیسی خبررساں ا دارے کے مطابق دیوانی کھوبرا گڑے نامی ہندوستانی سفارتکار کو گزشتہ سال دسمبر میں اس وقت نیویارک میں ایک ملازم کے ساتھ ناروا رویے کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا جب وہ ڈپٹی قونصل جنرل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔

دیوانی نے ان الزمات کی تردید کی اور بعد میں ہندوستان واپس آگئیں، لیکن اس واقعے کے بعد نئی دہلی میں شدید ردعمل سامنے آیا اور اس وقت ہندوستان میں تعینات امریکی سفیر نینسی پاؤل کو استعفیٰ دینا پڑا۔اب حکومتی ذرائع کی جانب سے رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ دیوانی کھوبرا گڑے کو میڈیا کو بلااجازت انٹرویوز دینے اور اپنے بچوں کی امریکی شہریت کے بارے میں نہ بتانے پر وزارت خارجہ کے موجودہ عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبررساں ا دارے کا ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ رپورٹس غلط نہیں اور دیوانی کو ہر طرح کے عہدے سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ وہ وزارت خارجہ کے لیے خدمات سرانجام دیں گی مگر ان کے پاس کوئی مخصوص عہدہ نہیں ہوگا۔یہ قدم اْس وقت اٹھایا گیا جب دیوانی نے ایک ہفتہ پہلے این ڈی ٹی وی چینیل کو نیویارک میں اپنی گرفتاری اور جامہ تلاشی کے حوالے سے ایک انٹرویو دیا۔اس انٹرویو کے دوران دیوانی نے کہا کہ ان کے بچے امریکا میں پیدا ہوئے اور انہیں امریکی شہری سمجھا جانا چاہیے اور یہ بیان وزارت خارجہ کے لیے خاصا حیران کن ثابت ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :