گوانتانامو بے سے چار افغان قیدی رہا، چار افغان قیدیوں کو کابل حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے، امریکہ، قیدیو ں کی رہائی کے لئے افغا ن صدر نے امریکی حکام سے خصو صی استدعا کی تھی ، قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کر دینا دراصل دونوں ممالک کے مابین نئے خوشگوار تعلقات کا پیش خیمہ ہے۔ اوبا ما انتظا میہ

پیر 22 دسمبر 2014 08:19

گوانتانامو ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء )گوانتانامو بے میں مقید چار افغان قیدیوں کو رہا کر کے کابل حکومت کے حوالے کر دیا گیا ان کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی حکام نے کہا ہے کہ دراصل یہ پیشرفت واشنگٹن حکومت کا افغان صدر اشرف غنی پر اعتماد ظاہر کرتی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے نے امریکی فوجی حکام کے حوالے سے تصدیق کر دی ہے کہ چار افغان قیدیوں کو کابل حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

علی گل، محمد ظاہر، شاہ ولی خان اور عبدالغنی نامی یہ قیدی امریکی حراستی کیمپ گوآنتانامو بے میں قید تھے۔ ان کی رہائی کے لیے اشرف غنی نے امریکی حکومت سے خصوصی درخواست کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ کے بقول صرف تین ماہ کے اندر اندر ان قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کر دینا دراصل دونوں ممالک کے مابین نئے خوشگوار تعلقات کا پیش خیمہ ہے بلکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ واشنگٹن حکومت صدر غنی پر اعتماد کرتی ہے۔

(جاری ہے)

افغان ہائی پیس کونسل نے ان قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد جلد ہی اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوں گے۔ حکومت کی طرف سے قیام امن کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل پر مامور اس کونسل نے مزید کہا ہے کہ ان قیدیوں کو مزید حراست میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔اس کونسل نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوآنتا نامو بے میں قید دیگر آٹھ افغان باشندوں کو بھی رہا کر دے۔

واضح رہے کہ اس وقت کیوبا میں واقع اس امریکی حراستی کیمپ میں 132 مشتبہ افراد قید ہیں۔ادھر افغان دارالحکومت کابل میں واقع امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن حکومت کو افغان حکومت پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ رہا کیے گئے ان افراد سے ممکنہ خطرات سے نمٹ سکتی ہے اور وہ ان کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھے گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی یہ منتقلی امریکا اور افغانستان کے بہتر باہمی تعلقات کی نشانی ہے اور امریکاافغانستان کو ایک مستحکم اور خود مختار ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔متعدد امریکی فوجی حکام نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں گوآنتانامو بے میں قید مزید افراد کو مختلف مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔

یہ امر اہم ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کی کوشش ہے کہ وہ اس بدنام زمانہ جیل خانے کو جلد از جلد بند کر دیں، اس لیے وہ وہاں قید مشتبہ افراد کی تعداد کو کم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔یادر رہے کہ گیارہ ستمبر 2001ء میں امریکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد گوآنتانامو بے کا حراستی مرکز قائم کیا گیا تھا، جہاں مشتبہ دہشت گردوں کو قید کیا گیا تھا۔

اس جیل خانے کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اب جب افغانستان میں امریکی اتحادی فوجی مشن اختتام پذیر ہو رہا ہے تو امریکا اس تنازعے کے دوران گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کو کس اتھارٹی کے تحت گرفتار رکھے گا۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے اختتام پر افغانستان میں نیٹو کا اتحادی فوجی مشن مکمل ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہاں تعینات زیادہ تر غیر ملکی فوجی بھی واپس بلا لیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :