شاہد خان آفریدی نے ورلڈ کپ 2015ء کے بعد انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،صرف ٹی 20 کھیلے گئے، کھلاڑی آتے جاتے رہتے ہیں ، میر ے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم،شاہد آفریدی کے 2015ء ورلڈ کپ ریٹائرمنٹ کا اعلان پر سابق کرکٹرز کا خراج تحسین ،شاہد آفریدی نے اچھا فیصلہ کیا ہے ان کی ریٹائرمنٹ سے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، محمد یوسف ، آفریدی جیسا کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتا ہے ، آدھا بھی پلیئر ان جیسا آگیا تو میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم کیلئے بہترین ثابت ہوگا، توصیف احمد ،شاہد آفریدی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ان کی جگہ کوئی پوری نہیں کرسکے گا ، جاوید میانداد ،آفریدی ملک بھر میں ہی نہیں پوری دنیا کے کرکٹ لورز کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، وسیم اکرم

پیر 22 دسمبر 2014 08:04

کراچی ، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء )پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ورلڈ کپ 2015ء کے بعد انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،صرف ٹی 20 کھیلے گئے ، ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنا چاہتا ہوں لیکن بزرگ اس حوالے سے منع کررہے ہیں ، خواہش ہے قومی ٹیم 2016ء ٹی 20ورلڈ کپ میری قیادت میں جیتے ۔

اتوار کے روز ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بوم بوم آفریدی نے انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ سے 2015ء کے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ساری توجہ ٹی 20تک محدود رکھنا چاہتا ہوں اس لئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اگلی اننگز فلاحی کاموں میں گزاریں گے سیاست کا بہت شوق ہے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنا چاہتا ہوں مگر بزرگ اس حوالے سے منع کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سال ملک کی نمائندگی کی ہے اب اپنی باقی زندگی فیملی کے ساتھ پرسکون گزارنا چاہتا ہوں خواہش ہے کہ 2015ء کے ورلڈ کپ میں وہی تیز ترین سنچری بناؤں جو سری لنکا کیخلاف بنائی تھی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی آتے جاتے رہتے ہیں میرے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا اب نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنا چاہیے ۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتانی کے پیچھے نہیں بھاگا بلکہ کپتانی میری پیچھے بھاگتی ہے ورلڈ کپ میں کپتانی کے بارے میں کچھ نہیں سوچا نہ اس حوالے سے کوئی بات ہوئی میرے خیال میں مصباح الحق ورلڈ کپ کی کپتانی کیلئے بہترین چوائس ہیں میں ورلڈٹی 20کپ 2016 ء میں پاکستان کی قیادت میں ٹیم کو جتوانا چاہتا ہوں تاکہ عروج پر آج کر کرکٹ کو خیر باد کہو ۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں وسیم اکرم ، عمران خان ، سعید انور ، رمیز راجہ اور آسٹریلیا کے سٹیو وا ، رکی پونٹنگ ، برائن لارا اور باؤلر بریٹ لی اور میگرا سے بہت کچھ سیکھا ۔ شاہد آفریدی نے اپنی پریس کانفرنس میں کراچی سپورٹس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی شاہ مرحوم کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا ۔ شاہد آفریدی نے اپنا پہلا میچ کا آغاز کینیا کیخلاف 2اکتوبر 1996ء کو کھیلا شاہد آفریدی نے ون ڈے کیریئر میں اب تک 389ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 23.49 کی اوسط سے 7870رنز سکور کئے ۔

اس سے قبل شاہد آفریدی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 27میچ کھیلے ۔ باؤلنگ کے شعبے میں انہوں نے ون ڈے میچوں میں 391وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی دنیائے کرکٹ میں جادوگر کرکٹر اور بوم بوم آفریدی کے نام کے جانے جاتے ہیں ادھرپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ بیٹسمین محمد یوسف نے شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا کہ شاہد آفریدی نے اچھا فیصلہ کیا ہے ان کی ریٹائرمنٹ سے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا امید ہے جلد ان کی جگہ متبادل کھلاڑی آجائے گا جبکہ سابق آف اسپنر توصیف احمد نے کہا کہ شاہد آفریدی کی پاکستان کرکٹ کیلئے بہت خدمات ہیں آدھا بھی پلیئر ان جیسا آگیا تو میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم کیلئے بہترین ثابت ہوگا ان جیسا کھلاڑی صدیوں میں ایک پیدا ہوتا ہے ۔

جو نوجوان کھلاڑی ان کو رول ماڈل سمجھتے ہیں ان کو چاہیے کہ محنت کرکے ان کی جگہ لیں اور اپنا نام بنائیں ۔ شاہد آفریدی نے بڑے میچز اور قابل شکست میچز کو فتح میں تبدیل کیا جن کا ان کو کریڈٹ دینا چاہیے ۔ سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ شاہد آفریدی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ان کی جگہ کوئی پوری نہیں کرسکے گا امید ہے کہ نوجوان کرکٹر ان جیسی جارحانہ کرکٹ کو ترقی دینگے ۔سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی ملک بھر میں ہی نہیں پوری دنیا کے کرکٹ لورز کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں ان جیسا جارحانہ انداز میں کھیلنے والا کرکٹ کیریئر میں نہیں دیکھا امید ہے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پی سی بی ان کے متبادل کے طورپر بہترین انتخاب کرکے ان کی کمی پوری کرینگے