وزیر اعظم کی بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات ، عام لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ پر امن پر سکون زندگی گزار سکیں،نواز شریف

جمعہ 10 اپریل 2015 05:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اپریل۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عام لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ پر امن پر سکون زندگی گزار سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں بلوچستان مسلم لیگ ن کے صدر و سینئر صوبائی وزیر چناء اللہ زہری سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام میں واضح تبدیلی لے آئیں اور انہیں وہ تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جو کہ ان کا جائز حق ہے۔ نواز شریف نے کہا چائینہ اور پاکستان کے مشترکہ منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کو نوکریاں ملیں گی جس سے انکی پیشتر ضروریات پوری ہونے میں مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے ثناء اللہ زہری سے بلوچستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر ثناء اللہ زہری نے وزیراعظم کو بلوچستان کے اندرونی حالات سے آگاہ کیا۔

اور مسلم لیگ ن کو بلوچستان میں مزید فعال کرنے کیلئے نواز شریف نے ثناء اللہ زہری کو ہدایات دیں کہ وہ عام ورکرز سے روابط مزید بڑھائیں تاکہ پارٹی کو عام لوگوں تک فعال کیا جا سکے۔ میاں نواز شریف نے کہا صوبہ میں قانون پر عملدرآمد کے لئے حکومت کو اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ وہاں شعور پیدا ہو تاکہ جرائم کی شرح میں کمی واقع ہو سکے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ثناء اللہ زہری کے درمیان ملاقات کے وقت وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعید رفیق بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :