نواز شریف کے گارڈن ٹاؤن میں پلاٹ تقسیم کیخلاف درخواست پر ایل ڈی اے سے جواب طلب

جمعہ 8 مئی 2015 06:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمد عرفان خان نے 27س برس قبل نواز شریف کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ گارڈن ٹاؤن میں پلاٹوں کی تقسیم کے خلاف درخواست پر ایل ڈی اے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ کو چھبیس مئی کیلئے جواب سمیت طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ نوشاب اے خان کی فریق بننے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا سال انیس سو اٹھاسی میں نواز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ گارڈن ٹاؤن میں سرکاری اراضی اپنے من پسند افراد کو الاٹ کی، گارڈن ٹاؤن میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے نہ تو نیلامی کروائی گئی اور نہ ہی مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت وصول کی گئی لہٰذا گارڈن ٹاؤن میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے خلاف سال دو ہزار تین میں اظہر جاوید کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں فریق بننے کی اجازت دی جائے، عدالت نے درخواست گزار ایڈووکیٹ کی استدعا منظور کر لی، عدالت نے ایل ڈی اے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ کو چھبیس مئی کیلئے جواب سمیت طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ بتایا جائے کہ سال انیس سو اٹھاسی میں وزیر اعلیٰ نے کن حالات کے تحت اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کئے اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے کتنے الاٹ شدہ پلاٹ کینسل کئے گئے، عدالت نے ایل ڈی اے کو مزید حکم دیا ہے کہ ستائیس برس نیلام کئے گئے پلاٹوں کی کل قیمت کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :