میرپور ٹیسٹ : بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی شاہینوں نے بنگالیوں کو بے بس کردیا ،پاکستان کی پوزیشن مضبوط، 107 رنز پر5بنگلا دیشی کھلاڑی آؤٹ ، فالو آن سے بچنے کیلئے 251مزید رنز درکار ، یونس خان کے بعد نائب کپتان اظہر علی کی شاندار ڈبل سنچری 226رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اسد شفیق نے 107رنز بنا کر بنگالیوں کو بے حال کردیا ،کپتان مصباح صرف 9رنز بنا سکے ، اظہر اور اسد نے محتاط مگر پراعتماد انداز میں بلے بازی کی اور 207 رنز کی شراکت قائم کی ، تیج الاسلام نے3، شاہد علی اور شواگتا ہوم نے 2,2 جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی، عمر القیس 32محمد اللہ 28رنز بنا کر بنگلہ دیش کی طرف سے نمایاں پلیئر رہے ،پاکستان کی جانب سے جنید خان اور یاسر نے2,2 جبکہ ایک وکٹ وہاب کے نام رہی

جمعہ 8 مئی 2015 05:56

ش میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء)جمعے کو جب کھیل شروع ہوا تو آغاز میں ہی پاکستان کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب شکیب الحسن نے پاکستانی کپتان مصباح الحق کو بولڈ کر دیا۔ وہ صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔دن کے آغاز میں ہی کپتان کی وکٹ سے محروم ہونے کے بعد اظہر اور اسد نے محتاط مگر پراعتماد انداز میں بلے بازی کی اور 207 رنز کی شراکت قائم کی۔

نائب کپتان اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری 20 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ وہ 226 رنز بنانے کے بعد شواگتا ہوم کی پہلی وکٹ بنے۔اسد شفیق نے اپنی چھٹی ٹیسٹ سنچری نو چوکے اور ایک چھکا لگا کر بنائی۔ انھیں بھی 107 کے سکور پر شواگتا نے ہی آوٴٹ کیا۔بعدازاں پاکستان کے لوئر آرڈر بلے باز سکور میں قابلِ ذکر اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور یکے بعد دیگرے آوٴٹ ہوتے رہے اور پاکستان نے چائے کے وقفے پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 557 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تین، شاہد علی اور شواگتا ہوم نے دو، دو جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے تمیم اقبال جنید خان کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔اس موقع پر امرالقیس اور مومن الحق نے اسکور کو 38 تک پہنچایا لیکن مومن ایک کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

قیس اور محموداللہ کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 31 رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی لیکن قیس یاسر شاہ کے پہلے اوور میں خوبصورت گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اگلی ہی گیند پر شکیب نے یاسر کی گیند کو کٹ کیا جو سیدھی سلپ میں کھڑے یونس خان کے پاس گئی لیکن وہ اسے پکڑنے میں ناکام رہے۔اسکور 85 تک پہنچا تو وہاب ریاض نے محموداللہ کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔

اس کے بعد مشفیق اور شکیب نے سنبھل کر بلے بازی شروع کی تاکہ دن کے اختتام تک مزید کسی اور نقصان سے بچا جا سکے لیکن آخری اوور میں یاسر شاہ کی خوبصورت گوگلی پر حریف کپتان اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اس کے ساتھ امپائرز نے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا جہاں بنگلہ دیش نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان اور یاسر نے دو دو جبکہ ایک وکٹ وہاب کے نام رہی۔

بنگلہ دیش کو فالو آن سے بچنے کے لیے 251 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 29 سنچریاں بنا کر اس سلسلے میں آسٹریلیا کے عظیم بلے باز آنجہانی سر ڈان بریڈ مین کے ہم پلہ ہوگئے ہیں یونس خان نے میچ کے پہلے دن ٹیسٹ کرکٹ میں نہ صرف اپنی 29ویں سنچری مکمل کی بلکہ وہ اس طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بھی بن گئے۔

انھوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے ٹیم کے سکور میں 250 رنز کا اضافہ بھی کیا تھا۔پاکستان اس دورہ بنگلہ دیش میں تاحال فتح کی تلاش میں ہے۔بنگلہ دیش نے پہلے پاکستان کو تینوں ون ڈے میچوں اور پھر دورے کے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بھی ہرایا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی بینتیجہ رہا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم نو ٹیسٹ میچوں میں پاکستان سے نہیں ہاری۔

متعلقہ عنوان :