وفاقی حکومت نے سینیٹر رفیق رجوانہ کو گورنر پنجاب تعینات کر دیا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا‘رفیق رجوانہ، پاکستان اور خصوصا پنجاب کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا‘نامزد گورنر پنجاب

جمعہ 8 مئی 2015 06:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء) وفاقی حکومت نے سینیٹر رفیق رجوانہ کو گورنر پنجاب تعینات کر دیاہے۔ رفیق رجوانہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ رفیق رجوانہ کا کہنا ہے کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرینگے اور جمہوریت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

ادھرنامزد گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر مرکز کا نمائندہ ضرور ہوتاہے لیکن عوام کی بلاتفریق خدمت کرنے کا خواہاں ہوں۔ انہوں نے کہا اپنی آئینی حیثیت کے مطابق کام کرونگا۔ رفیق رجوانہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور خصوصا پنجاب کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔