افتخار چوہدری کا عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس ؛ عدالت کا بابر اعوان کو جواب دینے کیلئے آخری موقع ،سماعت اٹھارہ مئی تک ملتوی

اتوار 10 مئی 2015 07:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کیخلاف دائر بیس ارب روپے ہرجانہ کیس میں عدالت نے بابر اعوان کو جواب دینے کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت اٹھارہ مئی تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد تنویر میر کی عدالت میں افتخار محمد چوہدری کی جانب سے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ اور عامر مغل ایڈووکیٹ جبکہ عمران کی جانب سے خاور امیر بخاری ایڈووکیٹ پیش ہوئے خاور امیر بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت میں گیارہ صفحات پر مشتمل تیسری درخواست پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مدعی کی جانب سے بیس ارب ہرجانہ کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے حالانکہ کسی بھی ضلعی عدالت میں دس کروڑ سے زیادہ مالیت کیس کی سماعت نہیں ہوسکتی لہذا فاضل عدالت آرڈر سات سول پروسیجر کوڈ گیارہ کے تحت مذکورہ کیس کو خارج کرنے کا حکم دے جس پر شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وکلاء عدالت کی توہین کے مرتکب ہورہے ہیں عدالتی احکامات کے باوجود ڈاکٹر بابر اعوان نے وکالت نامے پر اعتراض کا جواب داخل نہیں کروایا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے پاس جواب دینے کیلئے کوئی مواد ہی نہیں ہے اگر یہ جواب نہیں دینا چاہتے تو عدالت کو بتا دیں تاکہ عدالت اس پر فیصلہ سنائے تاکہ کیس آگے کی طرف چل پڑے جس پر خاور امیر بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہماری طرف سے تیسری درخواست جمع کروائی جارہی ہے یہ مدعی کا اس پر کوئی جواب آتا ہے نہ عدالت کوئی فیصلہ جاری کرتی ہے جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست پر عدالت نے ہدایات جاری کی ہیں عدالت آپ کو وکالت نامے پراعتراض کا جواب دینے کا حکم دیا تھا جس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے لہذا عدالت آپ کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع دے رہی ہے فاضل جج نے آئندہ سماعت سولہ مئی تک ملتوی کردی ۔