اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر ایف ڈبلیو او اہلکاروں اور پولیس کمانڈوز میں جھگڑا ، فائرنگ تبادلہ سے 9پولیس اہلکار شدید زخمی ،واقعہ فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن( ایف ڈبلیو او)کی گاڑی روکنے پر ہوا، ایف ڈبلیو او اہلکاروں نے کئی گھنٹے پولیس اہلکاروں کو محبوس رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا ، ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ،زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا

اتوار 10 مئی 2015 06:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء )اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر ایف ڈبلیو او اہلکاروں اور پولیس کمانڈوز کے درمیان جھگڑا ، فائرنگ تبادلہ سے 9پولیس اہلکارواقعہ میں شدید زخمی ہو گئے ،واقعہ فرنٹےئرورکس آرگنائزیشن( ایف ڈبلیو او)کی گاڑی روکنے پر ہوا، ایف ڈبلیو او اہلکاروں نے کئی گھنٹے پولیس اہلکاروں کو محبوس رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ،زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

۔جھگڑے کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی آئی جی اسلام آباد سمیت تمام پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرنٹےئرورکس آرگنائزیشن( ایف ڈبلیو او)ٹول اداکیے بغیر جانا چاہتے تھے جس پرلڑائی ہوئی ۔پولیس اہلکاروں اور ایف ڈبلیو او اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ گزشتہ کئی گھنٹے تک سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع کے بعد آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تاہم خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق واقعہ میں زیادہ نقصان وائرلیس پر مسلسل کال چلنے کے بعد بھی اضافی نفری کا موقعہ پر نہ پہنچنے کے باعث ہوا۔ایس ایس پی آپریشن پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس واقعہ کا جائزہ لے رہی ہے مکمل تفتیش کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔