اضافی بجلی پیدا کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، لوڈشیڈنگ میں اضافہ، بجلی شاٹ فال 4500 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، شہری اور دیہاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں 3 گھنٹے مزید اضافہ

اتوار 10 مئی 2015 06:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء)ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا،جس سے بجلی کا شاٹ فال 4500 میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا۔ حکومت کے اضافی بجلی پیدا کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہری اور دیہاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں 3 گھنٹے مزید اضافہ کر دیا گیا۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پانی کی قلت میں بھی اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے دیہاتی علاقوں میں 12 سے 15 گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا جو کہ غیر اعلانیہ ہے ملک میں اس وقت شارٹ فال 4500 میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ وزارت کے ذرائع کے مطابق حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں 3 گھنٹے کا اضافہ کر دیا ہے گرمی کی شدت کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں پانی کی قلت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

پانی کی قلت کے باعث ملک کے اکثر علاقوں میں ہفتے کے روز شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔ حکومتی دعوے کے مطابق صنعتی علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے لیکن صنعتی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث 8 سے 9 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اس وقت شارٹ فال 4500 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وزارت کے ذرائع نے بتایا ”کاسا“ پروگرام کے تحت 1000 میگاواٹ جلد نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی جو کہ قازکستان‘ کرغستان اور افغانستان کے راستے پاکستان آئے گی جبکہ وفاقی وزیر خواجہ آصف کی جانب سے 477 میگاواٹ بجلی ستمبر 2016ء تک نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کا دعویٰ بھی کیا جا چکا ہے۔

تاہم اب تک ملک کو درپیش شارٹ فال کی وجہ سے شدید گرمی میں 12 سے 15 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنی پڑے گی۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جن علاقون میں بجلی کے بل نہیں دیئے جا رہے ان علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ کی جا رہی ہے اور بجلی کی چوری کے باعث لائن لاسز پورے نہیں ہو رہے جس کی وجہ سے 100 فیصد ریکوری کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 22 ہزار میگاواٹ بجلی کی طب ہے اور اگر بجلی کے بل ریکوری اور چوری کی روک تھام کے لئے پولیس کردار ادا کرے تو لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :