عراق ، 40 قیدی جیل توڑ کرفرار، جھڑپ میں اہلکاروں سمیت 30 ہلاک،قیدیوں نے اہلکاروں کو یرغمال بناکرجیل کے اسلحہ ڈپو پرقبضہ کرنے کے بعد فرارکی کوشش کی، ترجمان وزارت داخلہ

اتوار 10 مئی 2015 07:05

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء) عراق میں قیدیوں نے جیل عملے کو یرغمال بنا کر فرار ہونے کی کوشش کی جس کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 30 قیدی ہلاک اور 40 فرارہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بغداد کے قصبے خالص میں قیدیوں نے جیل عملے سے اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنانے کے بعد فرار کی کوشش کی تاہم اس موقع پر دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 30 قیدی اور عملے کے 6 اہلکار ہلاک جب کہ 40 قیدی فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

عملے کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تمام قیدی دہشت گردی کے الزام میں قید تھے۔وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ایک قیدی نے اہلکار سے اسلحہ چھین کر اسے یرغمال بنایا جس کے بعد اس نے بیرکوں سے مزید قیدی چھڑائے اور اسلحہ خانے پر قبضہ کرلیا تاہم جیل عملے اور قیدیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ بریگیڈئیر جنرل سعد مان کا کہنا ہے کہ قیدیوں اور جیل عملے کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں ایک لیفٹیننٹ اور 5 پولیس اہلکار ہلاک اور 30 قیدی مارے گئے جب کہ 40 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن میں 9 دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں اور دیگر معمولی جرائم میں قید تھے۔