شاہد آفریدی کی کاؤنٹی مصروفیات ،ٹی 20کپتانی خطرے میں پڑ گئی ، زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے نیا ٹی 20کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے، سرفراز احمد اور وہاب ریاض مضبوط امیدوار ،پی سی بی کی جانب سے ٹی 20شیڈول اور مختلف ریجنل ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو کراچی کی ٹیم میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا،جب دو ماہ قبل پی سی بی سے انگلینڈ جانے کی اجازت طلب کی تھی اس وقت سپر ایٹ ٹورنامنٹ اپریل میں منعقد ہونا تھا مگر بوجوہ اس میں تاخیر ہوئی، سبحان احمد

اتوار 10 مئی 2015 06:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث امکان ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے نیا ٹی 20کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آفریدی کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد یا فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو یہ ذمہ داری دی جاسکتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی سپر 8ٹی 20ٹورنامنٹ گیار مئی سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے جس میں قومی ٹی 20ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی شرکت نہیں کرینگے کیونکہ وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں پی سی بی کی جانب سے ٹی 20شیڈول اور مختلف ریجنل ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو کراچی کی ٹیم میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا بلکہ قیادت سرفراز احمد کو دے دی گئی ہے حالانکہ ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سابق کپتان یونس خان ، مصباح الحق اپنے ریجنز کی ٹیمو ں کی کپتانی کررہے ہیں شاہد آفریدی کی عدم موجودگی پر سبحان احمد نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے جب دو ماہ قبل پی سی بی سے انگلینڈ جانے کی اجازت طلب کی تھی اس وقت سپر ایٹ ٹورنامنٹ اپریل میں منعقد ہونا تھا مگر بوجوہ اس میں تاخیر ہوئی اور شاہد آفریدی نے کاؤنٹی سے کمٹمنٹ کی خاطر اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کردیا ۔

(جاری ہے)

۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے اب نئے کپتان کے نام پر غور کیا جارہا ہے اور سرفراز احمد کے علاوہ وہاب ریاض کے نام سرفہرست ہیں سرفراز احمد کو بورڈ نے ٹی 20کا کپتان بنا رکھا ہے اور زمبابوے کیخلاف ٹی 20میچوں سے قبل ڈومیسٹک ایونٹ میں سرفراز احمد کیلئے کراچی ڈولفنز کی کپتانی اور کارکردگی اس اعتبار سے ایک سخت امتحان ہوگی ۔