آفیشلز نہیں بھیج رہے لیکن سیریز انٹرنیشنل میچوں میں شمار ہو گی‘آئی سی سی

پیر 18 مئی 2015 06:35

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء)عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان اور زمبابوے کے کرکٹ حکام کو بتایا ہے کہ آئی سی سی دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے اپنے اہلکار نہیں بھیجے گی۔آئی سی سی نے یہ فیصلہ اپنے سکیورٹی کے ماہر کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے۔اپریل میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اگر امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے آئی سی سی اپنے اہلکار نہیں بھیج سکی تو پاکستان زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے مقامی ایمپائر تعینات کر سکے گا۔

اگر ایسا ہوا تو ہے تب بھی پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کو سرکاری حیثیت حاصل ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے لیے میچ آفیشلز کیناموں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم منگل کو پاکستان پہنچے گی جہاں اْس نے دو ٹی 20 اور تین ایک دوزہ میچ کھیلنے ہیں جن کا باقاعدہ آغاز 22 مئی سے ہوگا۔پی سی بی کے چیئر مین شہریار خان نے جمعہ کو زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے سے بات کی تھی ۔

2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔دوسری جانب پاکستان کے شہر لاہور میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے سے پہلے سخت حفاظتی اِنتظامات کیے جا رہے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم کے آس پاس موجود تمام کاروباری مراکز اور ریستورانوں کو بھی دو ہفتوں کے لیے بند کر دیاگیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی سٹیڈیم کے گردو نواح میں موجود ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 45 اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد یہ قیاس آرائیاں پیدا ہورہی تھیں کہ شاہد زمبابوے کی ٹیم پاکستان نہ آئے۔لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کا نیبیان دیا تھا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم اپنے طے شیڈول پر پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انھوں نے کہا تھا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے انھیں جمعے کے روز فون کر کے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی۔واضح رہے کہ سیریز کے سارے میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے کی سیریز کے لیے امپائرز کے پینل کا اعلان کر دیا گیا پاکستان نے سیریز کے لیے تین جبکہ زمبابوے نے ایک امپائر مقرر کیا ہے۔

زمبابوے کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کے علیم ڈار، احسن رضا اور شوزب رضا امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔زمبابوے کے رسل ٹسل تمام پانچ میچوں میں امپائر کے فرائض ادا کریں گے۔اظہر خان کو سیریز کے لیے میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اورزمبابوے کے درمیان تین ون ڈیز اور دو ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کے لیے زمبابوے کی ٹیم منگل کو پاکستان پہنچے گی۔