بلوچ طلباء کیلئے پنجاب کے اداروں میں مختص نشستوں اور سکالرشپ کی فراہمی میں اضافہ کرینگے، شہباز شریف،حکومت پنجاب کی جانب سے کوئٹہ میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جائیگا، بلوچستان میں سولر انرجی پارکبہاولپور کی طرز پر سولر پارک کے قیام میں تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی،وزیر اعلی بلوچستان سے گفتگو

پیر 18 مئی 2015 06:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے بلوچستان کی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ بلوچستان کے طلباء کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مختص نشستوں اور سکالرشپ کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے گا، حکومت پنجاب کی جانب سے کوئٹہ میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جائیگا اور بلوچستان میں سولر انرجی پارکبہاولپور کی طرز پر سولر پارک کے قیام میں تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی، وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بات چیت کررہے تھے، جنہوں نے اتوار کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ چیف سیکریٹری پنجاب خضر حیات گوندل،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے پنجاب ماڈل کی تقلید کرتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ انہوں نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت صوبے کے طلباء کو پنجاب کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں اور وظائف کی فراہمی کے لئے پنجاب کے مشکور ہیں تاہم ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کے طلباء کے لیے مختص نشستوں اور وظائف میں اضافہ کیا جائے تاکہ ہمارے مزید بچے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر پنجاب کے وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان کے مشیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اس حوالے سے اقدامات کو یقینی بنائیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے کوئٹہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان کیا تھااور یکم نومبر 2009کو اس کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیاگیا تھا جس کے لیے پنجاب حکومت نے فنڈز مختص کئے ہیں انہوں نے چیف سیکریٹری پنجاب کو ہدایت کی منصوبے کا کنٹریکٹ جلد ایوارڈ کر کے اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لیے تیکنیکی معاونت فراہم کر یگی اور بہاولپور سولر انرجی پارک کی طرز پرانرجی پارک قائم کرنے کے لیے مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ سولر انرجی کے چھوٹے چھوٹے پلانٹ نصب کرنے کے لیے بھی تیکنیکی تعاون فراہم کیا جائیگا، انہوں نے تجویز پیش کی کہ بلوچستان کے ماہرین کی ٹیم بہاولپور سولر انرجی پارک کا دورہ کر کے اس کا جائزہ لے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کے کوئٹہ میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت جہاں بھی ہماری مدد و تعاون کی ضرورت ہے ہم بھرپور تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور سولر انرجی پارک کے منصوبے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں گے۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کے وفد کے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ناشتہ دیا