یمنی صدر کا اقوام متحدہ کی قرارداد پرعمل درآمد کا مطالبہ

پیر 18 مئی 2015 06:42

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء)یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن سے متعلق اپنی قرارداد نمبر 2216 پر عمل درآمد کرائے۔منصور ہادی اتوار کو سعودی دارالحکومت الریاض میں ہونے والی تین روزہ یمنی ڈائیلاگ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں تقریر کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ہی یمنی بحران کے حل کے لیے مستقبل میں ہونے والی کسی بھی بات چیت کی بنیاد ہوگی۔

سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق قرارداد نمبر 2216 اقوام متحدہ کے منشور کے باب سات کے تحت اپریل میں منظور کی تھی۔اس کے تحت حوثی باغیوں کے لیڈر عبدالملک الحوثی اور سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔سلامتی کونسل نے اتفاق رائے سے اس قرارداد کی منظوری تھی۔

(جاری ہے)

صرف روس رائے شماری کے وقت اجلاس سے غیر حاضر رہا تھا اور اس نے اس کو ویٹو نہیں کیا تھا۔

صدر منصور ہادی نے حوثی ملیشیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ''یمن کی تاریک قوتوں نے شہریوں کو ہلاک کیا ہے اور شہروں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے،انھیں بہت جلد شکست سے دوچار کیا جائے گا''۔صدر ہادی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ملک کی تعمیر کے لیے کام کررہی ہے جبکہ حوثی اس کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔انھوں نے اپنی تقریر میں خلیج تعاون کونسل اور خاص طور پر سعودی عرب کا یمن بحران کے حوالے سے ان کی حکومت کے حق میں موٴقف اپنانے پر شکریہ ادا کیا۔