زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ کامیاب رہاتو دیگر ممالک کی ٹیموں کی آمد کا راستہ کھل جائے گا، صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ، زمبابوے کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کے معاملے پر تمام ادارے ایک پیچ پر ہیں، رانا مشہود احمد

پیر 18 مئی 2015 06:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ ملک مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے، بعض ممالک ہمارے خلاف کام کررہے ہیں، دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا،زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ سکیورٹی کے حوالے سے کامیاب رہا تو دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، زمبابوے کرکٹ ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں صوبائی وزیرداخلہ کی زیرصدارت زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، مشیروزیراعلیٰ رانا مقبول، کمشنر لاہور عبداللہ سنبل، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان، سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف، چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ایس پی سی آئی اے عمر ورک، ایس پی ماڈل ٹاؤن مستنصر، ایس ایس پی سپیشل برانچ شوکت عباس، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، بعد ازاں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورکے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے 6 سال بعد کوئی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آ رہی ہے، اب ہمارے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ ہم دہشت گردی کا دھبہ دھو کر دنیا کو پیغام دیں پاکستان پرامن ملک ہے، زمبابوے کی ٹیم کو بہترین سکیورٹی دیں گے، اچھے طریقے سے دورہ مکمل ہوگا تو دنیا کو پاکستان کا اچھا امیج دیکھنے کو ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ جب زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ محفوظ ہوگا تو دنیا کی بہت سی ٹیمیں ہیں جو کہ پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں ان کے پاکستان آنے کے راستے ہموار ہو جائیں گے اور انٹرنیشنل سپورٹس شروع ہو جائے گی، بہت سے ممالک ہمیں مانیٹر کررہے ہیں، زمبابوے ٹیم کو بہترین سکیورٹی فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، کچھ ممالک ہمارے خلاف کام کررہے ہیں، ہم نے ہر ممکن اقدامات کرنا ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف نے واضح کہا ہے کہ دہشت گردی میں ”را“ ملوث ہے، ہم سب نے مل کر ان کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

ہم گزشتہ 15سال سے دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں ،اب اس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے،میڈیا دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دے، زمبابوے ٹیم کی سکیورٹی کیلئے ہیلی کاپٹر مل رہے ہیں اور رینجرز کی دو کمپنیاں طلب کی ہیں۔ادھرصوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے معاملے پر تمام سیکورٹی ادارے ایک پیج پر ہیں، انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول 2014کے انعقاد سے انٹرنیشنل سپورٹس کا دروازہ پاکستان کیلئے کھل رہا ہے، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ کے بعد انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے پاکستان پر کھل جائیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں 6سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے، یہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ان کی سربراہی میں انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول2014ء منعقد کیا گیا جس میں درجنوں ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں تھیں، اسی کی بنیاد پر آج انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پاکستان کیلئے کھلے ہیں لہٰذا ہمیں من حیث القوم مہمان ٹیم کا استقبال کرنا چاہئے، ہمیں ان کو یہ دکھانا چاہئے کہ پاکستان کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جاتی ہے، پاکستانی ایک پیار کرنیوالی قوم ہے، پاکستانی پرامن قوم ہے، پاکستانی کھیلوں سے پیار کرنیوالی قوم ہے،انشاء اللہ زمبابوے کی ٹیم جب پاکستان سے جائے گی تو وہ پاکستان کے سفیر بن کے جائیں گے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے سے انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے کھل جائیں گے جو کہ قوم کیلئے خوشی کی بات ہے۔اس وقت میچوں کے ٹکٹس کی سیل ریکارڈ ہورہی ہے اور انشاء اللہ سٹیڈیم عوام سے کچھا کھچ بھرا ہوگا جس سے دنیا میں پاکستان کا امیچ مزید بہتر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :