نیب چیئرمین کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور میں تدارکی کمیٹی قائم،وی آئی پی پروازوں کو ختم کیا جائے ۔جو بھی شخص فریضہ حج ادا کرے تو اس پر پانچ سال کیلئے فریضہ حج ادا کرنے پر پابندی عائد کردینی چاہئے، تدارکی کمیٹی کی سفارش ،چیئرمین نیب نے وزارت مذہبی امور سے متعلق تدارکی کمیٹی کی طرف سے تیار کردہ سفارشات کی منظوری دیدی

منگل 19 مئی 2015 06:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی ہدایت پر نیب اسلام آباد اے اینڈ پی کے ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں وزارت مذہبی امور میں ایک تدارکی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف و پارلیمانی امور اور کابینہ ڈویژن کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی جو اس کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

کمیٹی کا مقصد بدعنوانی کی روک تھام کیلئے وزارت مذہبی امور کے قوانین اور قواعد کا جائزہ لینا ہے۔ چیئرمین نیب نے پیر کو نیب ہیڈکوارٹر میں وزارت مذہبی امور کی تدارکی کمیٹی کی تجویز کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ نیب کے اے اینڈ پی کے ڈائریکٹر جنرل نے حج گروپ آرگنائزر کے مختص کوٹہ، بزرگ حاجیوں کیلئے خصوصی انتظامات، حج گروپوں کی رجسٹریشن، حجاج کی تربیت، ری فنڈ اور منسوخی کے قوائد ایچ ذی اوز معاہدے، تصدیق و نگرانی حجاج کی روانگی کے اقدامات، معاونین، معاوضے کا آڈٹ اور حجاج کے ویلفیئر فنڈز سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے جس پہلے شعبے میں تجاویز دیں، وہ حج کوٹہ کا تھا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ شفاف عمل کو یقینی بنایا جائے۔ حج گروپ آرگنائزر کی کیٹگری، مالی مدد اور ان کی سروس بہترین ہونی چاہئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نااہل آپریٹرز کے خاتمے کیلئے شفاف نظام لایا جائے اور نئے آپریٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزارت مذہبی امور کو حج اور عمر ایکٹ کو بھی جلد حتمی شکل دینے کیلئے کہا گیا ہے۔

کمیٹی نے بزرگ حاجیوں کیلئے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے حاجیوں کے انتظامات کے سلسلے میں حج گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کے بارے میں اپنی تجاویز دیں اور اس سلسلے میں تمام حج گروپ آرگنائزرز کو بہتر سہولیات کیلئے جامع انتظامات کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے ہر سال حاجیوں کی ٹریننگ اور آگاہی پیدا کرنے کی تجویز بھی دی جس کے مطابق تمام حاجیوں کو موبائل، ایس ایم ایس، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلانے کی بھی تجاویز دی گئی ہیں۔

تدارکی کمیٹی نے یہ بھی تجاویز دیں کہ جو بھی شخص فریضہ حج ادا کرے تو اس پر پانچ سال کیلئے فریضہ حج ادا کرنے پر پابندی عائد کردینی چاہئے۔ تدارکی کمیٹی نے اس کمیٹی کے حوالے سے سفارشات دی ہیں جو قبل ازیں سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں تشکیل دی گئی تھیں جن میں عمارت کو کرائے پر لینے کی مانیٹرنگ کمیٹی، حج آپریشن اور مناسب انتظامات کے حوالے سے حج عملہ کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی تھیں۔

تدارکی کمیٹی نے اپنی سفارشات پیش کی ہیں وہ منسوخی اور فنڈز کی واپسی سے متعلق ہیں۔ کمیٹی نے تجاویز پیش کی ہیں کہ متعلقہ شخص کی موت یا معذوری کی صورت میں منسوخی کی اجازت دی جائے‘ کسی دوسرے دیگر بنیاد پر منسوخی مخصوص جرم یا پھر وزارت کی طرف سے ترامیم کے مطابق کی جائیں، تدارکی کمیٹی نے اپنی آٹھویں شق میں تجاویز دیں کہ حج پر روانگی کے لیے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق روانگی مقامات کا فیصلہ کیا جانا چاہیئے اور اس میں کسی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

تدارکی کمیٹی کی طرف سے دی جانے والی نویں شق کی تجاویز معاونین سے متعلق ہیں۔ تدارکی کمیٹی نے تجاویز پیش کی ہیں کہ حجاج کرام کی مدد کیلئے تعینات ملازمین منظم ہونے چاہئیں۔ تدارکی کمیٹی نے حجاج کے معاوضے اور بہبود فنڈ کے آڈٹ سے متعلق تجویز دی ہے کہ حجاج کرام کے معاوضے اور بہبود فنڈز کا معمول کے مطابق آڈٹ فیڈرل آڈٹ کے ادارے سے کرانا چاہیئے۔

تدارکی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ معیاری خدمات اور اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آرگنائزر کو اپنا سسٹم جاری رکھنا چاہیئے۔ تدارکی کمیٹی نے اپنی آخری سفارش میں کہا ہے کہ وی آئی پی پروازوں کو ختم کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے وزارت مذہبی امور سے متعلق تدارکی کمیٹی کی طرف سے تیار کردہ سفارشات کی منظوری دی اور تمام متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہا۔ تدارکی کمیٹی کی ان تجاویز کو عملدرآمد کیلئے وزارت مذہبی امور کو بھجوایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :