امریکی ریاست نبراسکا میں سزائے موت کا خاتمہ

جمعہ 29 مئی 2015 08:00

نبراسکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء)امریکی ریاست نبراسکا کی پارلیمان نے گورنر کے ویٹو کے باوجود سزائے موت ختم کرنے کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ پارلیمان میں ہونے والی ووٹنگ میں تیس ارکان نے موت کی سزا ختم کیے جانے کے حق مں جبکہ انیس نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے نبراسکا کے گورنر پیٹ رکیٹس دو مرتبہ اس فیصلے کو ویٹو کر چکے تھے۔ پارلیمان کو ویٹو کو منسوخ کرنے کے لیے کم از کم تیس ارکان کی حمایت درکار تھی۔ اس رائے شماری کے نتائج اس لیے بھی اہم ہیں کہ ریپبلکن پارٹی کے بہت سے ارکان نے اپنی ہی پارٹی کے گورنر کے خلاف ووٹ دیا۔ اس طرح نبراسکا امریکا کی ایسی انیسویں ریاست بن گئی ہے، جہاں اب کسی شہری کو سزائے موت نہیں دی جائے گی۔