مکانات پر قبضے چھڑ وا کر ملازمین کو جائز حق دلایا جائے،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ،مکانات پر ناجائز قبضوں اور عدالتوں میں مقدمات کی پیروی نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں،اچھی شہرت کے قابل وکلاء کو عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے رکھا جائے ،قائمہ کمیٹی کی ہدایت

جمعہ 29 مئی 2015 07:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی ملازمین کو مکانات کے حصول میں مشکلات کاسامنا کرنے پر حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے مکانات پر ناجائز قبضوں اور عدالتوں میں مقدمات کی پیروی نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں جس پرکمیٹی نے تجویز دی کہ اچھی شہرت کے قابل وکلاء کو عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے رکھا جائے تاکہ نیک نیتی کے ساتھ ان مقدمات کی پیروی ہو سکے اور مکانات پر ناجائزہ قبضے وغیرہ چھڑ وا کر حق دار ملازمین کو ان کا جائز حق دلایا جاسکے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کااجلاس جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہوا جس میں وزارت کے دیگر ذیلی اداروں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی طرف سے آئینی اداروں کے لئے حال ہی میں مختلف کیٹگریز کے ملازمین کیلئے پلاٹوں کا مختص کیاگیا کوٹہ وغیرہ پر غور وخوض کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مولانا تنویر الحق تھانوی نے کی ۔قائمہ کمیٹی نے کہا کہ وفاقی ملازمین کو مکانات کے سلسلے میں شدید مشکلات کاسامنا ہے اور ایسے ٹھوس اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے جن کی بدولت ان کی پریشانیوں کو کم کیا جاسکے اور انہیں سر چھپانے کیلئے باعزت جگہ فراہم کی جاسکے اس سلسلے میں کمیٹی نے کہا کہ مکانات پر ناجائز قبضوں اور عدالتوں میں مقدمات کی پیروی نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں کمیٹی نے تجویز دی کہ اچھی شہرت کے قابل وکلاء کو عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے رکھا جائے تاکہ نیک نیتی کے ساتھ ان مقدمات کی پیروی ہو سکے اور مکانات پر ناجائزہ قبضے وغیرہ چھڑ وا کر حق دار ملازمین کو ان کا جائز حق دلایا جاسکے ۔

کمیٹی نے آئینی اداروں کے ملازمین کیلئے مستقبل میں آنے والے ہاؤسنگ منصوبوں میں کوٹہ بڑھانے کی بھی پرزور سفارش کی اور کہا کہ اس سلسلے میں وزارت اور اس سے متعلقہ ذیلی ادارہ جلد ہی اقدامات کرے کمیٹی نے کہا کہ دو فیصد کوٹہ کچھ بھی نہیں ہے ۔وزارت کے حکام نے اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وزارت اہم منصوبوں پر کام کررہی ہے جس کے بارے میں تفصیل سے جانکاری حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے لہذا ہر ذیلی ادارے سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ لی جائیگی تاکہ ٹھوس سفارشات دی جا سکیں ۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز سجاد حسین طوری ، سعید الحسن مندوخیل ، چوہدری تنویر خان، مسز خالدہ پروین اور سیف اللہ بنگش کے علاوہ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ذیلی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :