مصر:قبطی عیسائی عمرہ ٹکٹ جیتنے میں کامیاب ہوگیا

جمعہ 29 مئی 2015 08:01

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء)مصر میں ایک مقامی کمپنی کی جانب سے شعبان المعظم میں عمرہ کی سعادت کے لیے کی کرائی گئی قرعہ اندازی میں ایک قبطی عیسائی بھی عمرہ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اب وہ چاہیں تو یہ ٹکٹ کسی مسلمان دوست کو تحفے میں دے دیں یا اس کے بدلے میں رقم وصول کریں۔ پچھلے چھ سال میں مصر میں عمرہ کا ٹکٹ جیتنے والے یہ تیسرے قبطی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حال ہی میں مشرقی قاہرہ میں السویز کے مقام پر ایک مقامی فرم کی جانب سے سال 2015ء کے لیے عمرہ کے لیے قرعہ اندازی کرائی گئی۔ قرعہ اندازی میں قبطی عیسائی مینا محروس مرقص بھی ایک ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ قرعہ اندازی نہایت شفاف طریقے سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کا اندازہ اس امرسے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک قبطی بھی عمرہ کا ٹکٹ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ آیا قبطی شہری عمرہ کا ٹکٹ کسی کو تحفے میں دیں گے یا فروخت کریں گے۔سنہ 2009ء میں بھی اسکندریہ شہرمیں اخوان المسلمون کیزیراہتمام عیدالفطر کے موقع پر عمرہ کے لیے قرعہ اندازی کی تھی جس میں ایک قبطی عیسائی بھی عمرہ کا ٹکٹ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔ عمرہ ٹکٹ جیتنے والے قبطی صلاح بخیت محروس نے اپنا ٹکٹ ایک مسلمان پڑوسی کو مفت میں دے دیا تھا جس پراس نے عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی۔