زمبابوے ٹیم کے کپتان پر پابندی مہمان ٹیم کے لئے کسی دھچکے سے کم نہیں ، فائدہ ہمیں ہوگا‘ اظہر علی

جمعہ 29 مئی 2015 07:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء) ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ زمبابوے ٹیم کے کپتان چگمبورا کو سلو اوور ریٹ پر دو میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا جو مہمان ٹیم کے لئے کسی دھچکے سے کم نہیں ہے۔ البتہ اس کا فائدہ پاکستان ٹیم کو ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے انعقاد تک ایک اچھا کمبی نیشن تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے اور پھر ہماری ٹیم کی پرفارمنس بھی کافی بہتر ہو رہی ہے۔

فاسٹ بالر محمد عرفان کے اگلی سیریز تک مکمل فٹ ہوکر ٹیم میں واپسی کی قوی امید ہے جبکہ مہمان ٹیم کے قائمقام کپتان ہملٹن مسکدزا نے کہا ہے کہ ایلٹن چگمبورا پر دو میچوں کی پابندی ٹیم کے لئے بڑا دھچکا ہے تاہم ٹیم کے دیگر کھلاڑی بہترین پرفارمنس سے انکی کمی کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزقذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں رسائی کے لئے ہر میچ جیتنے کا پر دباؤ ہے لیکن دباؤ لینے سے کوئی فائدہ نہیں بلکہ ہماری کوشش ہے کہ اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سیریز کے باقی دونوں میچز بھی جیتیں ٹیم کی بیٹنگ اچھی ہے تاہم بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہے جسکے لئے محنت کی جارہی ہے۔

زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بولرز نے زیادہ رنز دیئے لیکن فلیٹ وکٹ کی وجہ سے اور بعد میں بولنگ کرتے ہوئے بال گیلا ہونے سے بھی بولرز کو بولنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ہماری کوشش ہے کہ ہمارے بولر ہر کنڈیشنز میں اچھی بولنگ کریں اور اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہاب ریاض نے فلیٹ وکٹ پر اچھی بولنگ کی ،محمد سمیع نے نئے گیند سے اچھی بولنگ کی لیکن وہ دوسرے اسپل میں اچھی بولنگ نہ کرسکے ۔

محمد سمیع میں کافی قابلیت ہے اور اسے تھوڑا وقت اور اعتماد دینے کی ضرورت ہے ، جنید خان کی کوئی حوصلہ شکنی نہیں کی ،وہ اچھا بولر ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کے لئے اہم خدمات سر انجام دے گا ۔ٹیم کے کپتان نے کہا کہ حماد اور انور علی نے بھی پہلے ون ڈے میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا لیکن انور علی کی بدقسمتی تھی کہ ان کو وکٹ کے پیچھے کا فی سکور پڑگیا ۔

انہوں نے کہا کہ سعید اجمل اور مصباح الحق کی کمی محسوس ہوتی رہے گی،دونوں کا خلاء پر کرنے کے لئے وقت درکار ہے اور نئے کھلاڑیوں میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ ان کا خلاء پر کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں آل راؤنڈر اہم شعبہ ہے اور کوشش ہے کہ اس شعبے میں بھی ترقی کریں ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سیریز کے باقی دونوں میچز جیتنے کے لئے بھی پرعزم ہیں ۔

اس موقع پر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے قائمقام کپتان ہملٹن مسکدزا نے ایلٹن چگمبورا پر آئی سی سی کی طرف سے دو میچوں کی پابندی کو ٹیم کے لئے دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ چگمبورا نہ صرف زمبابوے ٹیم کے کپتان تھے بلکہ وہ پاکستان کے خلاف بھی اچھی پرفارمنس دے رہے تھے ان کی عدم موجودگی سے ٹیم کو کافی فرق پڑے گا لیکن ہم نے اب آگے کی طرف دیکھنا ہے ۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑی بہترین پرفارمنس سے انکی کمی کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہیں،چگمبورہ کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹیم نے پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹونٹی اور پہلے ون ڈے میچ میں اچھی پرفارمنس دی ہے اور تینوں میچز کانٹے دار ہوئے ہیں تاہم ٹیم کی بولنگ اور فیلڈنگ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قذافی اسٹیڈیم کی وکٹ بیٹنگ ہے اور اس میں پہلے یابعد میں بیٹنگ کرنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،پروفیشنل کرکٹر اپنے آپ کو ہر کنڈیشزسے ہم آہنگ کرنا ہے ۔انہوں نے دوسرے ون ڈے کیلئے ٹیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا ۔چگمبورا اور کریگ ایرون کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی نے کرنا ہے ۔مہمان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کھلاڑی آج دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز کو برابر کرنے کے خواہاں ہیں۔