20جون سے گرین لائن کا نیا کرایہ نامہ جاری،’گرین لائن“ کے درمیانی سٹیشنوں کے مسافروں کو سہولت دینے کے لیے کرائے میں خصوصی رعایت دے دی گئی

جمعہ 5 جون 2015 07:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جون۔2015ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد اور کراچی کے درمیان چلنے والی ”گرین لائن“ کے درمیانی سٹیشنوں کے مسافروں کو سہولت دینے کے لیے کرائے میں خصوصی رعایت دے دی گئی ہے جس کا اطلاق 20جون بروز ہفتہ سے ہوگا۔ اس رعایتی کرائے کے مطابق اسلام آباد سے لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی اورحیدرآباد کا کرایہ بالترتیب 1500روپے، 2300روپے، 2800روپے، 4100روپے اور 5000روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کراچی سے حیدرآباد، روہڑی، بہاولپور، خانیوال اورلاہورکا کرایہ بالترتیب550روپے، 1990روپے، 3500روپے،3800روپے اور 5000روپے مقرر کیا گیا ہے۔ درمیانی سٹیشنوں پر ایک سٹیشن سے دوسرے درمیانی سٹیشن پر خصوصی رعایتی پیکج دیا گیا ہے اور انہی سٹیشنوں پر نشستوں کا کوٹہ بھی مختص کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اُمید ہے کراچی اوراسلام آباد کے درمیان کے سٹاپوں والے مسافر اس خصوصی رعایتی کرائے سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ گرین لائن پاکستان ریلویز کی مقبول ترین گاڑی بن چکی ہے جس کی وجہ مسافروں کا اعتماد، نظام الاوقات کی پابندی، سہولیات اور مثالی کارکردگی ہے اور یہ گاڑی روزانہ کی بنیاد پر مکمل طور پر ریزرو ہوجاتی ہے۔ کرایوں کی تفصیلات پاکستان ریلویز کی ویب سائیٹwww.pakrail.com سے بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔