پاک بھارت سیریز دسمبر میں کنفرم، نجم سیٹھی نے کرکٹ شائقین کو خوشخبری سنادی، بھارتی حکومت نے کھیلوں کو سیاست سے الگ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات بحال کرنے کی بات کی، ہم بھی خیر مقدم کرتے ہوئے تیار ہیں ،جاوید میانداد کی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات ہیں مگر ظہیر عباس کے کا مشترکہ فیصلہ تھا، پریس کانفرنس

جمعہ 5 جون 2015 07:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جون۔2015ء)سابق چیئرمین اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی دسمبر میں شیڈول کرکٹ سیریز مقررہ وقت پر ہوگی۔ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت سیریز اپنے مقررہ وقت پر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا میری اطلاعات کے مطابق پاک بھارت سیریز اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوگی اور میرے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کھیلوں کو سیاست سے الگ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات بحال کرنے کی بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز بہت اہم ہے اور ہم بھیا س کا خیر مقدم کرتے ہوئے کرکٹ بحالی کے لئے تیار ہیں۔ آئی سی سی کی صدارت چھوڑنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک اس کے لئے کسی سابق کرکٹر کو نامزد کیا جانا ہی بہتر تھا اس لئے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بورڈ کے ممبران نے متفقہ طور پر سابق کپتان ظہیر عباس کا نام فائنل کیا اس حوالے سے کسی نے بھی دوہری رائے کا اظہار نہیں کیا۔

سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد کی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات ہیں مگر ظہیر عباس کے کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ظہیر عباس آئیکون کرکٹر ہیں جنہیں کرکٹ کی خدمات پر ایشین بریڈ مین کا خطاب بھی ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں یہ فیصلہ نہ لیتا تو کسی بھی ٹیسٹ کرکٹر کو آئندہ دس سال اس عہدے کے لئے انتظار کرنا پڑتا۔