اسلام آباد،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مولانا فضل الرحمان سے انکے گھر میں ملاقات ،ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال خصوصاً ایم کیو ایم کے استعفوں سے درپیش حالات کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 15 اگست 2015 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے انکے گھر میں ملاقات کی،ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال خصوصاً ایم کیو ایم کے استعفوں سے بعد پیش آنے والے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا ،پارٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے استعفوں کے بارے میں قانونی و آئینی مشاورت جاری ہے ،ہم ملک میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں اس کے جواب میں اسحاق ڈار نے بھی اس بات کی تائید کی کہ حکومت بھی ملک میں کوئی سیاسی ہلچل نہیں چاہتی مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی حالات میں بحران آجائے تو ملکی حالات تبدیل ہو جاتے ہیں اور ہم ایم کیو ایم کے معاملہ کو بھی آئینی و قانونی تناظر میں حل کرنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے ہماری ایم کیو ایم سے بھی مشاور ت جاری ہے اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی پیغام بھی مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا جس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو ایم کیو ایم کو منانے کیلئے حکومت نے مکمل مینڈیٹ دیدیا ہے اب ایم کیو ایم کو منانے کی مکمل ذمہ داری مولانا کے سپر د کر دی گئی ہے مولانا فضل الرحمان سے وفاقی وزیر کی ملاقات 45منٹ سے زائد جاری رہی اور اس موقع پر جے یو آئی(ف)کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔