اقتدار میں آکر میٹر ک تک تعلیم اور پانچ بڑی بیماریوں کا علاج مفت کردیں گے،سراج الحق ،چیف جسٹس ہاتھ میں قرآن پاک لے کر فیصلے کریں گے،اقتدار پر قابض اشرافیہ غریبوں کے مسائل ومشکلات سے نا آشنا ہے،امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 08:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2015ء)جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر میٹر ک تک تعلیم اور پانچ بڑی وخطرناک بیماریوں کینسر ،یرقان ،دل ،گردے،تھلمیسیاکی بیماریوں کا علاج مفت کردیں گے چیف جسٹس کے ہاتھ میں قرآن پاک ہوگاجس کے مطابق وہ فیصلے کریں گے ۔اقتدار پر قابض اشرافیہ غریبوں کے مسائل ومشکلات سے نا آشنا ہیں ۔

غریب لوگوں کے مسائل مہنگائی بے روزگاری ہیں جب امیروں کے مسائل کچھ اور ہیں جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہیں گے عوام ووٹ دیتے وقت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرتے تو حالات اس نہج پر نہیں پہنچتے ۔ جماعت اسلامی ایک مذہبی و جمہوری جماعت ہے اور عوام کو ساتھ ملاکر جمہوری عمل کے ذریعے اس ملک میں منصفانہ اور عادلانہ نظام قائم کرنا چاہتی ہے ہم زیر زمین اور خفیہ سازشوں پر یقین نہیں رکھتے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام جماعت اسلامی کے پشتیبان بن کر اس ملک کو نظریہ پاکستان کے مطابق اور ہمارے بزرگوں نکے خوابوں کے مطابق اسلامی و فلاحی ریاست بنائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کلی قمبرانی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر قبائلی سماجی رہنما حاجی عبدالحق قمبرانی نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہی اصل میں عوام واسلام کی پارٹی ہیں باقی پارٹیوں نے عوام کو چھوڑ کر مفادات کا پیچھا کیا ہے جماعت اسلامی میں شامل ہوکر اپنی آخرت کو کامیاب بنانے کیساتھ اسلامی نظام کے نفاذ اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کر ونگاتقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوند زاد، نائب امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ، بشیر احمدماندائی ،ضلع کوئٹہ کے امیر مولاناعبدالکبیر کاکڑ ودیگر ذمہ دارا ن بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولاناعبدالکبیر کاکڑنے کہاکہ ہم انشاء اللہ بلوچستان کو محرومی اور مایوسی کی اس کیفیت سے نکالیں گے۔ انہوں نے جماعت اسلامی میں نئے شامل ہونے والے قبائلی سیاسی رہنماؤں علمائے کرام اور نوجوانوں کو مبارکبادو استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی پاکستان اورخوشحال بلوچستان کی راہ ہموارہوگئی ہے ہم سب ملکر کوئٹہ کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔