ڈومیسٹک ٹی 20ٹورنامنٹ : شاہد آفریدی کراچی بلوز کی قیادت سے سرفراز احمد کے حق میں دستبردار ، سرفراز احمد کے حق میں دستبردار ہوگیا ہوں، اگلے میچوں میں وہی ٹیم کی قیادت کریں گے، میں ان کی زیر قیادت کھیلوں گا، شاہد آفریدی ، شاہد آفریدی کے ساتھ کھیلنا اعزاز ہے ،ان کے ساتھ جب بھی کھیلا بہت کچھ سیکھا ، سرفرا ز

ہفتہ 12 ستمبر 2015 08:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2015ء) پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بہترین سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی بلوز کی قیادت سے سرفراز احمد کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں، فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں سراہا جارہا ہے ، سرفراز کو قیادت کا موقع دینا شاہد آفریدی کا نئے ٹیلنٹ کو بھرپور موقع دینے کی عکاسی کرتا ہے ۔

شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی بلوز کی قیادت کے فرائض سونپے تھے لیکن کوالیفائنگ راوٴنڈ اور مین راوٴنڈ کے ابتدائی دو میچ میں آفریدی کی غیرموجودگی میں سرفراز نے ٹیم کی قیادت کی۔اب شاہد آفریدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں لیکن انہوں نے سرفراز کے حق میں قیادت سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نائب کپتان سرفراز کو ڈراپ کردیا گیا جس پر میڈیا سمیت تمام ہی حلقوں نے ٹیم مینجمنٹ سے اس پر شدید احتجاج کیا تھا۔

تاہم اب آفریدی نے میڈیا کے تاثر کو غلط ثابت کرتے ہوئے کہا کہ میں سرفراز کو مستقبل کا کپتان دیکھ رہا ہوں اور اس طرح کے ٹورنامنٹس سے سرفراز کو گروم ہونے کا موقع ملے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ میں سرفراز احمد کے حق میں دستبردار ہو گا ہوں اور اگلے میچوں میں وہی ٹیم کی قیادت کریں گے، میں ان کی زیر قیادت کھیلوں گا۔اس موقع پر سرفراز احمد نے شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کے ساتھ کھیلنا ایک اعزاز ہے، ان کے ساتھ جب بھی کھیلا سیکھا ہے اور اب میں کراچی کو پہلی بار ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کا چیمپیئن بنوانا چاہتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :