بہار کہو ہاؤسنگ سکیم کے لئے فراہم کی جانے والی زمین میں 775 پلاٹس کم ہیں،وفاقی وزیر ہاؤسنگ،نیسپاک اور دیگر ادارے زمین کی دوبارہ پیمائش کر رہے ہیں، وزارت ہاؤسنگ کا کوئی بھی اہلکار منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار نہیں ، ایوان بالا میں اظہا ر خیال

ہفتہ 19 ستمبر 2015 08:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی نے ایوان بالا کو بتایا کہ بہار کہو ہاؤسنگ سکیم کے لئے فراہم کی جانے والی زمین کی پیمائش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ اس میں 775 پلاٹس کم ہیں اور اس سلسلے میں منصوبے کے لئے زمین فراہم کرنے والے ادارے گرین ٹری کے ساتھ کئی بار مذاکرات کئے ہیں مگر گرین ٹری کے حکام اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نیسپاک اور دیگر ادارے زمین کی دوبارہ پیمائش کر رہے ہیں اور اگلے دو ماہ کے دوران صورت حال واضح ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرین ٹری کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لئے نیب کے افسران بھی کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں نیب حکام نے گرین ٹری کو 80 کروڑ روپے دینے کی تجویز بھی دی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ کا کوئی بھی اہلکار منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار نہیں ہے اور ہم نے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مکمل تیاری کی ہوئی ہے ۔ عدالت عظمیٰ سے منظوری ملنے کے بعد منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔