سلمان بٹ، محمد آصف اورمحمد عامر اگر دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو ں تو ان پر تاحیات پابندی لگادی جائے ، جیفری بائیکاٹ ، آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں کو میدان میں واپسی کی اجازت دے کر صحیح طرز عمل اپنایاہے، قانونی طور پراب تینوں کھلاڑیوں کوکرکٹ کھیلنے سے نہیں روکا جاسکتا، سابق انگلش کپتان

ہفتہ 19 ستمبر 2015 08:27

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز جیفری بائیکاٹ کاکہناہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ پاکستانی کھلاڑی سلمان بٹ، محمد آصف اورمحمد عامر دوسرے موقع کا حق رکھتے ہیں لیکن اگر وہ دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہوں تو ان پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں سلمان بٹ ،محمد آصف اور محمد عامر پر سے رواں ماہ 2ستمبر کو پابندی ہٹاکر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے راستہ ہموار کی تھی۔

بائیکاٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں کو میدان میں واپسی کی اجازت دے کر صحیح طرز عمل اپنایاہے، قانونی طور پراب تینوں کھلاڑیوں کوکرکٹ کھیلنے سے نہیں روکا جاسکتا۔اگر ہم قانونی کو بالادست سمجھتے ہیں تو پھر ہمیں ججوں کے احکامات کو ماننا پڑے گا۔

(جاری ہے)

' 'ہم معاشرے کے عام فرد کی حیثیت سے اپنی ایک سوچ اورنظریہ رکھ سکتے ہیں جیساکہ ہم میں سے متعدد کا خیال تھا کہ ان کھلاڑیوں کے لیے یہ سزا بہت سخت نہیں تھی لیکن کسی کو قتل یا جسمانی تشددکانشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔

'مجھے یقین ہے کہ ججوں نے تمام معاملات کو دیکھاہوگا۔ یاد رکھیے جج کو بینکوں میں لوٹ مارکرنے والوں، قاتلوں، ڈکیتوں، جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والوں سے نمٹنتے ہوئے فیصلہ صادر کرنا ہوتا ہے۔'بائیکاٹ نے کہاکہ انگلینڈ کے قانون کے مطابق مجرم اپنی سزا پوری کرنے کے بعد دوبارہ معاشرے کاحصہ بننے کا اہل ہے اور اسے دوسرا موقع دیا جاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ کرکٹ سے محبت کرنے والے دیگر شائقین کی طرح مجھے بھی کافی تکلیف پہنچی اور میں محسوس کرتا ہوں کہ انہوں نے اس کھیل کے تشخص کو مجروح کیا جس سے ہم محبت کرتے ہیں ، میرے خیال میں ہمیں قانون کی بالادستی کو قبول کرناپڑے گا یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔بائیکاٹ کا کہنا تھا آئی سی سی ان پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی یا یا انہیں دوبارہ عالمی کرکٹ کھیلنے سے روک سکتی ہے لیکن یہ قوانین کے خلاف ہوگا۔

متعلقہ عنوان :