بنوں جیل حملہ کیس؛ فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس نمٹا دیا

ہفتہ 19 ستمبر 2015 08:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء) بنوں جیل حملہ کیس میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم محمد طاہر سے متعلق جیگ برانچ کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس نمٹا دیا ہے ۔ گزشتہ روز قائم مقام چیف جسٹس نورالحق این قریشی نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عماد روحیل جبکہ سٹیڈنگ کونسل راجہ خالد محمود اور جی ایچ کیو جیگ برانچ کے آفیسر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جیگ برانچ نے ایک صفحے پر مشتمل رپورٹ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مجرم محمد طاہر بنوں جیل حملے میں اپنے دیگر ساتھیوں سمیت ملوث تھا جسے آرمی ایکٹ 2015 کے تحت سزائے موت سنائی گئی ہے جس کی منظوری چیف آف آرمی سٹاف نے دی تھی جبکہ محمد طاہر کو اس وقت کوہاٹ جیل میں رکھا گیا ہے ۔ محمد طاہر نے اس حوالے سے اپیل بھی دائر کی ہے جو ابھی زیر التواء ہے ۔ جیگ برانچ کی جانب سے رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا ۔

متعلقہ عنوان :