سپریم کورٹ کا این اے154سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار، فل بینچ نے اپیل سماعت کیلیے منظورکرکے جہانگیرترین کونوٹس جاری کردیا

منگل 22 ستمبر 2015 08:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ رجسٹری لاہورمیں جسٹس اعجازچوہدری کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی عدالت کے روبرو صدیق بلوچ کی جانب سے دائر اپیل میں موقف اختیارکیاگیاکہ ٹربیونل کااین اے 154سے متعلق نااہلی کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے تعلیمی اسناد جعلی نہیں ہیں لہذا عدالت سے استدعاہے کہ این اے 154میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرکے ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف حکم امتناعی جاری کیاجائے فل بینچ نے فوری حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار کردیا جسٹس اعجاز چوہدری نے ریمارکس میں کہاکہ ٹربیونل نے فیصلے میں لکھا ہے کہ صدیق بلوچ نے 43برس کی عمر میں میٹرک کیا اور میٹرک بھی سندھی زبان میں کیا لیکن انہیں سندھی نہیں آتی بظاہرڈگری مشکوک لگتی ہے فل بینچ نے29ستمبر کوجہانگیر ترین سے جواب طلب کرلیا اور کہاکہ دوسرے فریق کا موقف سن کر حکم امتناعی جاری کرنے یانہ کرنے سے متعلق فیصلہ کریں گئے۔