ترکی میں جعلی پاسپورٹ بنانے کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا،ہالینڈ کے صحافی نے 750یورو میں ہالینڈ کے وزیراعظم کی تصویر والا پاسپورٹ حاصل کرلیا

منگل 22 ستمبر 2015 09:23

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2015ء)شامی پناہ گزین بہتر زندگی کے لئے نئے راستوں کی تلاش میں ہیں وہیں ترکی میں جعلی پاسپورٹ بنانے کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے۔شام کے لاکھوں پناہ گزین یورپ کی جانب ہجرت کر رہے ہیں،ان حالات میں ترکی میں جعلی پاسپورٹ تیار کرنے والی انڈسٹری خوب پھل پھول رہی ہے۔جعلی پاسپورٹس کی تیاری کی خبریں سامنے آئیں تو ہالینڈ کیایک صحافی نے بھی آزمائشی طور پر شام کا جعلی پاسپورٹ حاصل کرنے کی ٹھانی۔

(جاری ہے)

صحافی نے ایک جعل ساز کو اپنا اصل نام اور تصویر دینے کے بجائے ایک شامی شہری کا فرضی نام دیا اور ساتھ ہی ہالینڈ کے وزیر اعظم "مارک روٹہ" کی تصویر تھما دی۔جعل سازوں نے صحافی سے ساڑھے سات سو یورو لئے اور بغیرتحقیق کے40 گھنٹے کے اندر اندرایک پاسپورٹ بنا دیا،جس پر پاسپورٹ کے مالک کا نام مالک احمد رمضان، تاریخ پیدائش 1971ء اورجائے پیدائش دمشق لکھا گیاہے جبکہ تصویر ہالینڈ کے وزیر اعظم کی لگی ہے،اسے جعل سازی کی تاریخ کا دلچسپ واقعہ سمجھا جارہا ہے۔