یمنی صدر منصور ہادی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،صدر منصور مارچ میں حوثی باغیوں کے عدن کی جانب پیش قدمی کے باعث سعودی عرب چلے گئے تھے

جمعرات 24 ستمبر 2015 09:17

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء) صدر منصور ہادی خصوصی پرواز کے ذریعے یمن کے جنوبی ساحلی شہر عدن پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم خالد بحاح اور ان کی کابینہ نے صدر کا استقبال کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یمنی صدر عیدالاضحی عدن میں منائیں گے جس کے بعد وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک روانہ ہو جائیں گے۔

صدر منصور مارچ میں دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی باغیوں کے عدن کی جانب پیش قدمی کے باعث سعودی عرب چلے گئے تھے۔توقع ہے کہ صدر آنے والے دنوں میں اپنی کابینہ کے ارکان، مقامی حکام اور فوجی اور سکیورٹی امور کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔یمن کے وزیراعظم خالد باہا گذشتہ ہفتے اپنے سات وزراء کے ساتھ عدن واپس آئے تھے۔جولائی میں حکومت کی حامی ملیشیا اور فوجیوں نے اتحادی فوج کی مدد سے حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی حامی فوج کو عدن سے پیچھے دھکیل دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم مقامی لوگوں کو شکایت ہے کہ عدن اب بدنظمی اور لاقانونیت کا شکار ہوچکا ہے جہاں القاعدہ یا دولتِ اسلامیہ سے منسلک جہادی شدت پسند گلیوں میں کھلے عام دیکھے جا سکتے ہیں اور مقامی انتظامیہ سروسز بحال کرنے میں سست روی کا شکار ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق 26 مارچ کو یمن پر اتحادی فورسز کی بمباری کے بعد سے اب تک 4900 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 2002 عام شہری ہیں۔

متعلقہ عنوان :